نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ازدواجی تنازعات میں جعلی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کیے گئے ثبوتوں کے بڑھتے ہوئے استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ میاں بیوی کے درمیان اختلافات پیدا ہوتے ہی اکثر ایک دوسرے کو ہر قیمت پر سبق سکھانے کی ذہنیت غالب آ جاتی ہے، جس کے نتیجے میں جھوٹے الزامات گھڑے جاتے ہیں اور ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کر کے ثبوت تک تیار کر لیے جاتے ہیں۔
جسٹس راجیش بندل اور جسٹس منموہن پر مشتمل بنچ نے ایک معاملے میں شادی کو ناقابلِ واپسی طور پر ٹوٹ جانے کی بنیاد پر تحلیل کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ بنچ نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی، خاص طور پر اے آئی، کی مدد سے جھوٹے شواہد تیار کرنا پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے، جس سے عدالتی عمل متاثر ہو رہا ہے۔
بنچ نے کہا کہ ازدواجی تنازع پیدا ہوتے ہی یہ سوچ بننے لگتی ہے کہ دوسرے فریق کو کیسے سبق سکھایا جائے۔ ثبوت اکٹھے کیے جاتے ہیں اور کئی معاملات میں، خاص طور پر اے آئی کے اس دور میں، انہیں بنایا بھی جاتا ہے۔ جھوٹے الزامات عام ہو چکے ہیں۔ عدالت نے ازدواجی معاملات میں ہر اختلاف پر پولیس سے رجوع کرنے کے رجحان پر بھی تنقید کی اور چند اہم تجاویز پیش کیں۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ سب سے پہلے فریقین کو اپنے وکلاء کی رہنمائی میں ثالثی کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ بعض معاملات میں کونسلنگ کی بھی ضرورت ہو سکتی ہے۔ بنچ نے یہ بھی کہا کہ اگر نان نفقہ جیسے معمولی معاملات پر، مثلاً بی این ایس ایس 2023 کی دفعہ 144 (سابقہ سی آر پی سی کی دفعہ 125) یا گھریلو تشدد ایکٹ 2005 کی دفعہ 12 کے تحت مقدمہ عدالت میں دائر کیا جاتا ہے، تو عدالت کی پہلی کوشش الزام تراشی طلب کرنے کے بجائے ثالثی کے امکانات تلاش کرنے کی ہونی چاہیے، کیونکہ اس سے تنازع مزید بڑھ جاتا ہے۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ معمولی ازدواجی تنازعات میں پولیس میں شکایت درج کرانے سے پہلے بھی مفاہمت اور دوبارہ ملاپ کی کوشش کی جانی چاہیے، ممکن ہو تو عدالتوں کے ثالثی مراکز کے ذریعے۔ عدالت نے خبردار کیا کہ گرفتاری جیسا اقدام اکثر واپسی کا کوئی راستہ نہیں چھوڑتا، چاہے گرفتاری ایک دن کے لیے ہی کیوں نہ ہو۔
جسٹس راجیش بندل کی جانب سے تحریر کیے گئے اس فیصلے میں بتایا گیا کہ متعلقہ شادی 13 برس سے زائد عرصے سے مکمل طور پر ٹوٹ چکی تھی۔ جوڑے نے 2012 میں شادی کے بعد محض 65 دن ایک ساتھ گزارے، تاہم اس کے بعد وہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک قانونی لڑائیوں میں الجھے رہے۔
اس دوران فریقین کے درمیان 40 سے زائد مقدمات چلے، جن میں طلاق، نان نفقہ، گھریلو تشدد، آئی پی سی کی دفعہ 498 اے کے تحت فوجداری مقدمات، عمل درآمد کی درخواستیں، جھوٹی گواہی سے متعلق درخواستیں، رِٹ پٹیشنز اور مختلف عدالتوں میں منتقلی کی درخواستیں شامل تھیں۔