لکھنؤ/ آواز دی وائس
اتر پردیش دہشت گردی مخالف دستے (اے ٹی ایس) نے روہنگیا، بنگلہ دیشی اور نیپالی شہریوں سمیت غیر ملکی افراد کے لیے آدھار کارڈ بنانے میں ملوث ایک بین الریاستی گینگ کا پردہ فاش کیا ہے۔ ایک سینئر افسر نے جمعہ کو اس کی اطلاع دی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (قانون و انتظام اور ایس ٹی ایف) امیتابھ یش نے بتایا کہ اتر پردیش میں مختلف مقامات پر کی گئی کارروائی میں اس گینگ کے 10 اراکین کو گرفتار کیا گیا۔ جمعہ کی دیر شام اتر پردیش پولیس نے بتایا کہ اس گینگ کے دو مزید اراکین کو سہارنپور سے گرفتار کیا گیا ہے۔
امیتابھ یش نے بتایا کہ یہ گینگ دستاویزات تیار کرنے کے لیے الیکٹرانک اور دستی دونوں طریقے استعمال کرتا تھا اور کم از کم نو ریاستوں میں سرگرم تھا۔ افسر کے مطابق پچھلے چند مہینوں میں حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر، تکنیکی اور زمینی نگرانی کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ یہ گینگ اتر پردیش، مغربی بنگال، بہار، جھارکھنڈ، دہلی-این سی آر، راجستھان، مہاراشٹر، ہریانہ اور اتراکھنڈ میں سرگرم تھا۔
افسر نے بتایا کہ گینگ کے ممبر آدھار رجسٹریشن کے عمل کی باریکیاں سیکھنے کے لیے قانونی طور پر رجسٹرڈ "جن سیوا مراکز" میں عارضی ملازمتیں کرتے تھے۔ بعد میں وہ غیر قانونی طور پر منظور شدہ صارفین کی آئی ڈی اور پاس ورڈ، انگوٹھے کے نشانات اور آنکھوں کی پتلیوں کے اسکین حاصل کر لیتے تھے۔ ان کا استعمال کرکے گینگ نے مختلف ریاستوں میں جعلی آدھار کارڈ تیار کیے۔
بیچولیے انہیں ایسے لوگوں سے جوڑتے تھے جن کے پاس کوئی ہندوستانی دستاویز نہیں تھے یا جنہیں اپنی تاریخ پیدائش یا سرکاری ریکارڈ میں تبدیلی کی ضرورت تھی۔ ایسے افراد کے لیے آدھار کارڈ جاری کرنے یا ان میں ترمیم کرنے کے لیے جعلی پیدائش سرٹیفکیٹ، رہائشی ثبوت اور حلف نامے تیار کیے جاتے تھے۔
ای ڈی جی نے بتایا کہ خاص طور پر 2023 کے بعد جب 18 برس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو براہِ راست آدھار کارڈ جاری کرنے پر پابندی لگا دی گئی، تب اس گینگ نے افراد کو 18 برس سے کم عمر دکھانے کے لیے جعلی سرٹیفکیٹ جاری کرکے قانون کو بائی پاس کر دیا۔
یش نے کہا کہ ہر جعلی آدھار کارڈ کے لیے یہ گینگ 2 ہزار روپے سے 40 ہزار روپے تک وصول کرتا تھا۔ بعد میں ان آدھار کارڈز کا استعمال لوگ پاسپورٹ اور دیگر جعلی ہندوستانی دستاویزات حاصل کرنے اور سرکاری اسکیموں کا فائدہ اٹھانے کے لیے کرتے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ گینگ کے اراکین کے پاس سے بڑی تعداد میں الیکٹرانک آلات، فنگر پرنٹ اسکینر، آئی رس اسکین ڈیوائسز، ڈمی یوزر پروفائل، لیکھ پالوں اور دیگر سرکاری افسران کی جعلی مہر کے ساتھ ساتھ پہلے سے تیار آدھار کارڈ اور دستاویزات برآمد کیے گئے ہیں۔ اس آپریشن کے پیچھے کا ماسٹر مائنڈ بھی گرفتار شدہ افراد میں شامل ہے۔
ای ڈی جی نے بتایا کہ لکھنؤ کے گومتی نگر واقع اے ٹی ایس تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان کے ساتھیوں اور طریقۂ کار کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ایف آئی آر ہندوستانی نیائے سنہیتا کی دفعہ 152 کے علاوہ جعلسازی اور دھوکہ دہی جیسے دیگر الزامات کے تحت درج کی گئی ہے۔