دہلی فسادات کے دوران فیضان کی موت کا معاملہ :دو پولیس اہلکار طلب

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-02-2026
دہلی فسادات کے دوران فیضان کی موت کا معاملہ :دو پولیس اہلکار طلب
دہلی فسادات کے دوران فیضان کی موت کا معاملہ :دو پولیس اہلکار طلب

 



نئی دہلی: کڑکڑڈوما کورٹ نے سال 2020 میں دہلی میں ہوئے فسادات کے دوران 23 سالہ نوجوان فیضان کی موت سے جڑے معاملے میں دہلی پولیس کے دو اہلکاروں کو سمن جاری کیے ہیں۔ یہ معاملہ اس وقت سرخیوں میں آیا تھا جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں چند پولیس اہلکار فیضان کو لاٹھیوں سے پیٹتے ہوئے اور اس سے قومی ترانہ گلواتے ہوئے نظر آئے تھے۔ بعد میں فیضان کی موت ہو گئی، جس کے بعد اس پورے معاملے پر سنگین سوالات اٹھے تھے۔

دہلی پولیس کی جانچ میں کوئی ٹھوس نتیجہ سامنے نہ آنے پر دہلی ہائی کورٹ نے سال 2024 میں اس معاملے کی تفتیش سی بی آئی کے حوالے کر دی تھی۔ سی بی آئی نے حال ہی میں اپنی چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے ہیڈ کانسٹیبل رویندر کمار اور کانسٹیبل پون یادو پر تعزیراتِ ہند (آئی پی سی) کی دفعات 323، 325 اور 304(II) کے تحت الزامات عائد کیے ہیں۔ ان دفعات میں غیر ارادی قتل اور مارپیٹ کے ذریعے شدید چوٹ پہنچانے جیسے الزامات شامل ہیں۔

ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ مایانک گوئل نے سی بی آئی کی چارج شیٹ کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں ملزمان کو 24 فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ریکارڈ پر موجود مواد الزامات طے کرنے کے لیے کافی ہے۔ اس سے قبل جولائی 2024 میں دہلی ہائی کورٹ نے اس معاملے کی جانچ پر دہلی پولیس کے خلاف سخت ناراضگی ظاہر کی تھی۔

جسٹس انوپ جے رام بھمبانی نے کہا تھا کہ یہ واقعہ ہیٹ کرائم کے زمرے میں آتا ہے، لیکن پولیس کی جانچ سست اور نامکمل رہی۔ عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ جن پر قانون کی حفاظت کی ذمہ داری تھی، انہی پر قانون توڑنے کے الزامات لگے ہیں، جس سے جانچ کی غیر جانبداری پر سنگین سوالات کھڑے ہوتے ہیں۔ فیضان کی والدہ قسمتون نے اپنی عرضی میں الزام لگایا تھا کہ پولیس نے ان کے بیٹے کو بے رحمی سے پیٹا، غیر قانونی حراست میں رکھا اور علاج فراہم نہیں کیا، جس کے باعث اس کی موت ہو گئی۔ اب اس معاملے کی اگلی سماعت 24 فروری کو ہوگی۔