پروجیکٹ مکمل کرنے کی مدت میں توسیع سے رئیل اسٹیٹ شعبے کو راحت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-08-2026
پروجیکٹ مکمل کرنے کی مدت میں توسیع سے رئیل اسٹیٹ شعبے کو راحت
پروجیکٹ مکمل کرنے کی مدت میں توسیع سے رئیل اسٹیٹ شعبے کو راحت

 



نئی دہلی: ریئل اسٹیٹ شعبے کی دو بڑی تنظیموں کریڈائی (CREDAI) اور ناریڈکو (NAREDCO) نے حکومت کی جانب سے ریئل اسٹیٹ منصوبوں کی تکمیل کی مدت میں چار ماہ کی توسیع کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اس شعبے کے لیے بڑی راحت قرار دیا ہے۔ تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ان ڈیولپروں کو ریلیف ملے گا جو تعمیراتی سامان کی قلت کی وجہ سے منصوبے بروقت مکمل کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے ریاستوں کے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹیز (ریرا) سے اپیل کی کہ وہ اس مدت میں توسیع کا فیصلہ جلد نافذ کریں تاکہ صنعت کو فوری راحت مل سکے۔ مرکزی وزارتِ رہائش و شہری امور نے جمعہ کو تمام ریاستی ریرا اداروں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے باعث عالمی سپلائی چین متاثر ہوئی ہے، جس سے تعمیراتی سامان کی قلت پیدا ہوئی اور ریئل اسٹیٹ منصوبوں کی بروقت تکمیل متاثر ہوئی ہے۔

اس لیے اہل منصوبوں کی رجسٹریشن اور تکمیل کی آخری تاریخ میں چار ماہ کی توسیع کی جائے۔ اس فیصلے پر کریڈائی کے صدر شیکھر پٹیل نے کہا کہ وزارت کی یہ ایڈوائزری ریئل اسٹیٹ شعبے کی دیرینہ مانگ کے مطابق ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث صنعت کو تعمیراتی سامان کی فراہمی اور مزدوروں کی دستیابی میں شدید مشکلات پیش آئیں، تاہم مدت میں توسیع سے ڈیولپروں کو موجودہ بازار کی صورتحال کے مطابق اپنے منصوبوں کی تکمیل کے شیڈول کو بہتر انداز میں ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔

وزارت کو اس سے قبل ریئل اسٹیٹ شعبے کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے متعدد درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کے پیش نظر ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ سگنیچر گلوبل کے بانی اور چیئرمین پردیپ اگروال نے کہا کہ مغربی ایشیا کی صورتحال کے باعث عالمی سپلائی چین میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں نے تعمیراتی سامان کی دستیابی کو شدید متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے چار ماہ کی توسیع کا فیصلہ عملی، حقیقت پسندانہ اور دور اندیشی پر مبنی ہے۔

نیشنل ریئل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ناریڈکو) کے صدر پروین جین نے کہا کہ مغربی ایشیا کی جغرافیائی و سیاسی صورتحال کے باعث تعمیراتی سامان کی دستیابی اور قیمت، دونوں متاثر ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں منصوبوں میں تاخیر فطری امر ہے۔ حکومت کی یہ رعایت ان منصوبوں پر لاگو ہوگی جن کی اصل، نظرثانی شدہ یا پہلے سے توسیع شدہ تکمیل کی تاریخ 28 فروری 2026 یا اس کے بعد کی ہے۔