عازمین حج کی پیشگی رقم جمع کرنے کی مدت میں 17 اگست تک کی توسیع

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-08-2026
عازمین حج کی پیشگی رقم جمع کرنے کی مدت میں 17 اگست تک کی توسیع
عازمین حج کی پیشگی رقم جمع کرنے کی مدت میں 17 اگست تک کی توسیع

 



نئی دہلی : حج کمیٹی آف انڈیا نے فریضہ حج 2027 کے لیے منتخب عازمین حج کو اخراجات کی پیشگی رقم جمع کرانے کے لیے مزید مہلت دے دی ہے۔ حج کمیٹی کی جانب سے 10 اگست کو جاری کیے گئے گشتی مراسلہ نمبر 6 کے مطابق پیشگی رقم جمع کرانے کی آخری تاریخ اب 17 اگست مقرر کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی قلیل مدتی حج کے پہلے مرحلے میں منتخب تمام امیدواروں کو بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ اب منتخب عازمین فی کس 1 لاکھ 52 ہزار 300 روپے کی پیشگی رقم 17 اگست تک جمع کرا سکتے ہیں۔
حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے پیشگی رقم جمع کرانے کی مدت میں توسیع اور قلیل مدتی حج کے پہلے مرحلے میں منتخب تمام امیدواروں کو منظوری دیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ان عازمین کے درمیان پائی جانے والی بے یقینی اور تذبذب ختم ہوگا اور وہ آئندہ مراحل کی تیاری بہتر انداز میں کر سکیں گے۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے کہا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے عازمین حج کو ہر مرحلے پر ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پہلے ہی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ حج سے متعلق تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جا سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیشگی رقم جمع کرانے کی مدت میں اب مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ جو منتخب عازمین 17 اگست تک مقررہ رقم جمع نہیں کرائیں گے ان کی حج نشست بغیر کسی مزید پیشگی اطلاع کے منسوخ کی جا سکتی ہے۔
منتخب عازمین مقررہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن جمع کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی شاخ میں حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ سے متعلقہ بینک کی مخصوص ادائیگی پرچی ڈاؤن لوڈ کرکے اس کے ذریعے بھی رقم جمع کرائی جا سکتی ہے۔ رقم جمع کراتے وقت عازمین کو اپنا بینک حوالہ درج کرنا ہوگا۔پیشگی رقم جمع کرانے کے بعد عازمین کو طبی جانچ۔ ضروری دستاویزات جمع کرانے اور تربیتی پروگرام میں شرکت کے سلسلے میں الگ سے اطلاع فراہم کی جائے گی۔