بھوپال:جین منی کی سمادھی کے لئےاشرف نے دی زمین

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 26-01-2022
فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال:جین منی کی سمادھی کے لئےاشرف نے دی زمین
فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال:جین منی کی سمادھی کے لئےاشرف نے دی زمین

 

 

بھوپال: سماجی ہم آہنگی کی مثال قائم کرتے ہوئے، مدھیہ پردیش کے نیمچ ضلع کے سنگولی قصبے میں ایک مسلمان شخص نے ایک جین منی کی سمادھی کے لیے اپنی زمین عطیہ کر دی۔

پیروکاروں نے بتایا کہ جین منی شری شانتی ساگر کا جمعرات کو انتقال ہو گیا تھا اور سنگولی نگر پنچایت کے سابق صدر اشرف میو عرف گڈو کی نیمچ-سنگولی روڈ پر زمین کا ایک حصہ مذہبی عقیدے کے مطابق ان کی سمادھی کے لیے موزوں پایا گیا تھا۔

مقامی جین برادری کے افراد نے اشرف کو اس زمین کے بدلے میں دوسری زمین یا قیمت کی پیشکش کی تھی۔ وہ اسی زمین پر سمادھی بنانا چاہتے تھے۔ چنانچہ اشرف نے اپنی زمین، سمادھی کے لئے دان کردی مگر اس کے بدلے میں دوسری زمین لینے سے انکار کردیا۔

اشرف نےیہ بھی کہا کہ یہ زمین میری طرف سے عطیہ ہے۔ اس سے بڑی کوئی نیکی نہیں ہو سکتی۔ وناناجلی پروگرام میں زمین عطیہ کرنے والے مسلم نوجوان اشرف میو کو بھی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

اشرف میو کا کہنا ہے کہ مجھے پیسوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میری زمین پر ایک جین منی کی سمادھی بنے گی۔ مجھے سنگولی میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ایسی عمدہ مثال قائم کرنے پر لوگوں کی طرف سے مبارکباد دینے کی کالز آرہی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جین برادری کے لوگ دوپہر ڈھائی بجے اشرف میو کے گھر زمین خریدنے کے لیے لاکھوں روپے کی پیشکش لے کر پہنچے تھے۔ لیکن اشرف میو نے رقم کی پیشکش کو یہ کہتے ہوئے ٹھکرا دیا کہ اللہ کا حکم ہے کہ اگر میری زمین پر کسی جین سنت کی سمادھی بنائی جائے تو اس کے لیے جتنی جگہ چاہیں لے لو۔

رات ہی میں وہ لوگوں کے ساتھ سمادھی بنانے کے مقام پر پہنچے اور ضروری زمین عطیہ کی۔ زمین عطیہ کرنے والے اشرف میو کی علاقے میں ہر طرف تعریف ہورہی ہے، بڑے بڑے سیاست دانوں اور سماجی کارکنوں کے انہیں فون آنے لگے اور ان کے اس نیک کام کی دگ وجے سنگھ سے لے کر کابینہ وزیر اوم پرکاش سکلیچا اور بہت سے دوسرے لوگوں نے تعریف کی۔

اتوار کو مدھیہ پردیش حکومت میں مائیکرو سمال انڈسٹریز کے وزیر اوم پرکاش سکلیچا نے جین برادری کی موجودگی میں اشرف میو کو مبارکباد دی اور اس نیک کام کی تعریف کرنے کے ساتھ ساتھ اسے قومی اتحاد کی مثال قرار دیا۔

جین سنگولی سماج کے عہدیدار منیش جین نے بتایا کہ منی شری شانتی ساگر جی کو جمعہ کو پنچتتوا میں ضم کر دیا گیا تھا اور ان کی سمادھی اشرف کی زمین پر بنائی گئی ہے۔