بنگال کے سابق وزیر اجل بسواس کو گرفتار کیا گیا

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-06-2026
بنگال کے سابق وزیر اجل بسواس کو  گرفتار کیا گیا
بنگال کے سابق وزیر اجل بسواس کو گرفتار کیا گیا

 



کرشن نگر 
مغربی بنگال کے سابق وزیر اجول بسواس کو سرکاری ترپالوں میں مبینہ خردبرد کے ایک معاملے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے اس کی تصدیق کی ہے۔یہ پیش رفت منگل کی رات اس وقت سامنے آئی جب چند گھنٹے قبل ضلع نادیہ میں واقع ان کی رہائش گاہ کے باہر اس معاملے پر احتجاج کرنے والوں نے ان کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔
اصلاحی امور کے سابق وزیر اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے سینئر رہنما اجول بسواس کو کوتوالی تھانے میں درج ایک مقدمے کی تحقیقات کے بعد گرفتار کیا گیا۔ ایک پولیس افسر کے مطابق انہیں بدھ کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
گرفتاری سے قبل کرشن نگر میں دن بھر ہنگامہ آرائی کا ماحول رہا، جہاں مقامی باشندوں اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حامیوں نے اجول بسواس کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین کا الزام تھا کہ ان کی رہائش گاہ پر غیر قانونی طور پر رکھے گئے سرکاری ترپالوں کو دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا تھا۔تنازع اس وقت شروع ہوا جب دوپہر کے وقت مبینہ طور پر کئی ترپال گھر کے باہر کھڑی ایک مال بردار گاڑی میں لادے جا رہے تھے۔
خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں لوگ گھر کے باہر جمع ہو گئے اور سابق وزیر پر سرکاری امدادی سامان غیر قانونی طور پر اپنے قبضے میں رکھنے کا الزام عائد کیا۔ مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے ان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
صورتحال جلد ہی کشیدہ ہو گئی اور اطلاعات کے مطابق سابق وزیر پر انڈے بھی پھینکے گئے۔
تاہم اجول بسواس نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کی خردبرد یا بے ضابطگی نہیں ہوئی ہے۔
کشیدگی بڑھنے پر کوتوالی تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور اجول بسواس کو ان کی رہائش گاہ سے اپنے ساتھ لے گئی۔ پولیس نے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ یہ اقدام امن و امان کی صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کے لیے کیا گیا۔
پولیس افسر کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔