گواہاٹی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے منگل کو کہا کہ آسام حکومت کی جانب سے چلائی جا رہی بے دخلی کی مہمات سپریم کورٹ کے طے شدہ اصولوں کے مطابق ہی انجام دی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ تمام جائز شہریوں کی بازآبادکاری کی ذمہ داری حکومت پر ہونی چاہیے۔
سوموار کو گولپاڑا اور آس پاس کے علاقوں میں بے دخل کیے گئے لوگوں سے ملاقات کے بعد یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مدنی نے کہا، ’’ہم بے دخلی کی مخالفت نہیں کر رہے ہیں۔ حکومت کو سڑکوں کی توسیع یا دیگر ترقیاتی کاموں کے لیے زمین کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ لیکن تمام بے دخلی کی مہم سپریم کورٹ کے طے شدہ رہنما اصولوں کے مطابق ہی ہونی چاہیے۔‘‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آسام حکومت کو نظام کے تحت بے دخلی مہم چلانی چاہیے، نہ کہ ’’نفرت کے جذبے‘‘ سے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما کی جانب سے پہلے ان کے بے دخلی مخالف رویے پر کی گئی تنقید پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مدنی نے کہا، ’’میں کل سے یہیں ہوں۔ اگر انہیں اعتراض تھا تو انہیں میرے خلاف کارروائی کرنی چاہیے تھی۔‘‘