سانگلی/ آواز دی وائس
مہاراشٹر کے ایک گاؤں میں گزشتہ چار دہائیوں سے ایک انوکھا گنیش اُتسو منایا جا رہا ہے، جس میں ایک مسجد کے اندر گنپتی بپا کی مورتی نصب کی جاتی ہے۔ مقامی گنیش منڈل کے بانی اشوک پاٹل نے بتایا کہ دیگر مقامات پر ہونے والے مذہبی تناؤ کا سانگلی ضلع کے گوٹکھنڈی گاؤں کے رہائشیوں پر کبھی کوئی اثر نہیں ہوا۔ اس گاؤں کی آبادی تقریباً 15,000 ہے، جن میں 100 مسلم خاندان شامل ہیں۔
پاٹل نے بتایا کہ مسلمان بھی اس منڈل کے رکن ہیں۔ وہ ’’پرشاد‘‘ بنانے، پوجا ارچنا کرنے اور اُتسو کی تیاریوں میں بھرپور مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ روایت 1980 میں اُس وقت شروع ہوئی جب شدید بارش کے باعث ہندو اور مسلم برادری کے افراد نے سانگلی ضلع کے گوٹکھنڈی گاؤں میں ایک مسجد کے اندر گنپتی کی مورتی لے جانے کا فیصلہ کیا۔
پاٹل نے کہا کہ تب سے یہ روایت پُرامن طور پر جاری ہے اور اس میں مسلم برادری کی فعال شمولیت ہے۔ گاؤں کے جھونجھر چوک پر ‘نیو گنیش ترون منڈل’ کی بنیاد 1980 میں رکھی گئی تھی۔
مورتی کو 10 دن کے لیے مسجد میں رکھا جاتا ہے اور پھر اننت چترتردشی کے دن اُتسو کے اختتام پر مقامی آبی ذخیرے میں وسرجن کر دیا جاتا ہے۔ پاٹل نے بتایا کہ ایک بار بکری عید اور گنیش چترتھی کی تاریخیں ایک ساتھ آئی تھیں، تو مسلمانوں نے اپنا تہوار صرف نماز ادا کرکے اور قربانی دیے بغیر منایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندو تہواروں کے دوران بھی گوشت کھانے سے پرہیز کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک کو یہاں کے سماجی اور مذہبی ہم آہنگی کے ماحول سے سبق لینا چاہیے۔ پاٹل نے مزید بتایا کہ ہر سال گنیش مورتی کی پران پرتشٹھا کے لیے مقامی پولیس اور تحصیلدار کو مدعو کیا جاتا ہے۔
اس سال 10 روزہ گنپتی اُتسو 27 اگست سے شروع ہوا۔