نابالغ‘‘ مسلم لڑکی بھی اپنی مرضی سے کرسکتی ہے شادی"

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-02-2021
 پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ
پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ

 

چنڈی گڑھ: ایک حالیہ فیصلے میں ، پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ نے مسلم پرسنل لاء کا حوالہ دے کرکہاہے کہ نابالغ مسلمان لڑکی شادی کرسکتی ہے بشرطیکہ وہ جسمانی اور دماغی طور پر تندرست ہو۔ ہائیکورٹ نے اس کے لئے مسلم پرسنل لاء کی دفعہ 195 کا حوالہ دیا۔ جس میں یہ کہا گیا تھا کہ کسی بھی مسلمان کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ بلوغت (پختگی) تک پہنچنے کے بعد شادی کرے ، اگر وہ ذہنی طور پر تندرست ہے۔

عدالت نے یہ فیصلہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کی درخواست پر دیا۔ 36 سالہ مرد درخواست گزار اور ایک 17 سالہ لڑکی نے عدالت کو بتایا تھا کہ انہوں نے حال ہی میں مسلم پرسنل لا کے مطابق 21 جنوری کو شادی کی تھی لیکن ان کا فیصلہ کنبہ کے لئے قابل قبول نہیں ہے ، لہذا انہیں پولیس تحفظ فراہم کیا جانا چاہئے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ اگر کوئی ثبوت موجود نہیں ہے تو 15 سال کی عمر پوری کرنے کے بعد لڑکی کو جسمانی طور پر بالغ سمجھا جاسکتا ہے۔

جسٹس الکا سرین نے موہالی (ایس اے ایس نگر) کے سپرنٹنڈنٹ پولیس کو اس مسلمان جوڑے کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے مسلم پرسنل لاء کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر لڑکا یا لڑکی شادی کے لئے تیار نہیں ہے یا دماغی طور پر صحت مند نہیں ہے تو پھر اس شادی کو قانونی حیثیت نہیں دی جاسکتی ہے۔ کیونکہ شادی کے لئے رضامندی ضروری ہے۔

جسٹس الکا سارین نے کہا کہ درخواست گزاروں کے بنیادی حقوق سے انکار نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ان کے لواحقین اس کے خلاف ہیں۔ عدالت نے کہا کہ اگر جوڑے کی شادی مسلم پرسنل لاء کے مطابق کی گئی ہے تو پھر ان کے والدین کو اس میں مداخلت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

واضح ہوکہ اسلامی شریعت کے مطابق لڑکیوں کوحیض جاری ہونے سے بالغ مان لیاجاتاہے جب کہ ملکی قانون کے مطابق لڑکیوں کے بلوغ کی عمر اٹھارہ سال ہے،ایسے میں کورٹ نے مسلم پرسنل لاکے مطابق لڑکی کی کی مرضی سے اس کی شادی کو درست قراردیاہے۔ (ایجنسی ان پٹ)