نئی دہلی/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے بارہ مولا سے لوک سبھا کے ممبر انجینئر رشید نے 9 ستمبر کو ہونے والے نائب صدر کے انتخاب میں ووٹ ڈالنے کی اجازت کے لیے دہلی کی ایک عدالت کا رُخ کیا ہے۔ عدالت کے ذرائع نے یہ اطلاع دی۔
انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل سیشن جج چندرجیت سنگھ ہفتہ کو اس سلسلے میں حکم صادر کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل عدالت نے رشید کو پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں شرکت کے لیے 24 جولائی سے 4 اگست تک حراستی پیرول دی تھی۔
رشید (58) کو 2017 کے ایک دہشت گردی کی مالی معاونت کے معاملے میں غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) ایکٹ کے تحت نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے گرفتار کیا تھا۔ وہ 2019 سے دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔
رشید نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں عمر عبداللہ کو بارہ مولا سے شکست دی تھی۔ اُن پر جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندوں اور دہشت گرد گروپوں کو مالی مدد فراہم کرنے کا الزام ہے۔