سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی سمیت کئی رہنماؤں نے بارہمولہ کے رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کے والد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ دفتر (سی ایم او) نے ‘ایکس’ پر لکھا: “وزیر اعلیٰ نے رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید اور رکن اسمبلی خورشید احمد شیخ کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، جنہوں نے نئی دہلی کے ایمس میں آخری سانس لی۔” 85 سالہ خضر محمد شیخ گزشتہ دو ہفتوں سے دہلی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے اور پیر کے روز ان کا انتقال ہو گیا۔
سی ایم او نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے سکون کے لیے دعا کی، ساتھ ہی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے۔ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی خضر محمد شیخ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے ‘ایکس’ پر لکھا: “انجینئر رشید صاحب کے والد کے انتقال کی خبر سن کر مجھے گہرا دکھ ہوا ہے۔ والدین کا سایہ اٹھ جانا ایک ناقابلِ برداشت صدمہ ہے۔ میں دعا کرتی ہوں کہ اللہ اس مشکل وقت میں خاندان کو صبر اور طاقت عطا کرے اور مرحوم کو جنت نصیب کرے۔ اپنی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر الطاف بخاری نے بھی سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغام جاری کیا۔
انہوں نے کہاجیل میں بند رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کے والد حاجی خضر محمد شیخ کے انتقال کی خبر سن کر مجھے گہرا دکھ ہوا ہے۔ اس دکھ کی گھڑی میں میں پورے سوگوار خاندان خصوصاً انجینئر رشید کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ والد کا انتقال زندگی کے سب سے بڑے دکھوں میں سے ایک ہوتا ہے۔