انجینئر رشید کو پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کی اجازت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-07-2026
انجینئر رشید کو پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کی اجازت
انجینئر رشید کو پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کی اجازت

 



نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو جیل میں بند لوک سبھا رکن انجینئر رشید کو پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں شرکت کی اجازت دے دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ انجینئر رشید کو تحویل میں رکھتے ہوئے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کی تمام نشستوں میں شرکت کرائی جائے۔

خصوصی این آئی اے جج پرشانت شرما انجینئر رشید کی اس درخواست پر سماعت کر رہے تھے، جس میں انہوں نے 20 جولائی سے 13 اگست تک جاری رہنے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے کسٹوڈیئل پیرول (تحویل میں پیرول) کی درخواست کی تھی۔

عدالت نے ان کی درخواست منظور کر لی۔ کسٹوڈیئل پیرول کے تحت قیدی کو مسلح پولیس اہلکاروں کی نگرانی میں مطلوبہ مقام تک لے جایا جاتا ہے۔ آزاد رکنِ پارلیمنٹ انجینئر رشید کو 2017 کے مبینہ دہشت گردی کی مالی معاونت کے ایک مقدمے میں غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) قانون (یو اے پی اے) کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

وہ 2019 سے دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ اکتوبر 2019 میں چارج شیٹ دائر ہونے کے بعد خصوصی این آئی اے عدالت نے مارچ 2022 میں انجینئر رشید اور دیگر ملزمان کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعات 120 بی (مجرمانہ سازش)، 121 (حکومت کے خلاف جنگ چھیڑنا) اور 124 اے (بغاوت) سمیت یو اے پی اے کی مختلف دفعات کے تحت دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت سے متعلق الزامات عائد کیے تھے۔