احمدآباد: وزیراعظم نریندر مودی نے گجرات میں ٹی ڈی ایس لیتھیئم آئن بیٹری پلانٹ میں ہائبرڈ بیٹری الیکٹروڈ کی تیاری کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج ہندوستان کی "میک اِن انڈیا" مہم میں ایک نیا باب جُڑ رہا ہے۔
یہ دن "میک اِن انڈیا" اور "میکنگ فار دی ورلڈ" کے ہمارے ہدف کی سمت میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ وزیراعظم مودی نے اعلان کیا کہ ہندوستان میں تیار کردہ الیکٹرک گاڑیاں اب 100 ممالک کو برآمد کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا: یہ دن ہندوستان اور جاپان کی دوستی کو بھی ایک نیا پہلو دے رہا ہے۔ میں تمام اہلِ وطن، جاپان اور سوزوکی کمپنی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے ہندوستان کی تین بڑی طاقتوں پر زور دیا۔ ہندوستان کے پاس آبادیاتی فائدہ (Demographic Advantage) ہے ہمارے پاس ماہِر مزدوروں (Skilled Workforce) کا بہت بڑا ذخیرہ ہے یہ تمام عوامل ہندوستان کو ہر بین الاقوامی شراکت دار کے لیے ایک Win-Win Situation (یعنی فائدہ مند شراکت داری) بناتے ہیں۔
مودی نے کہا کہ آج سوزوکی جاپان ہندوستان میں مینوفیکچرنگ کر رہی ہے اور یہاں تیار شدہ گاڑیاں واپس جاپان کو ایکسپورٹ کی جا رہی ہیں۔ یہ ہندوستان اور جاپان کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے اور دنیا میں ہندوستان پر بڑھتے اعتماد کی بھی علامت ہے۔ ماروتی سوزوکی جیسی کمپنیاں اب "میک ان انڈیا" کی برانڈ ایمبیسیڈر بن چکی ہیں۔
گزشتہ چار برسوں سے ماروتی ہندوستان کی سب سے بڑی کار برآمد کنندہ رہی ہے۔ اب یہ آغاز الیکٹرک گاڑیوں (EVs) کی برآمد کو بھی اسی سطح پر لے جانے کے لیے ہو رہا ہے۔ دنیا کے درجنوں ممالک میں چلنے والی EV گاڑیوں پر لکھا ہوگا: "Made in India"۔ الیکٹرک گاڑیوں کے نظام میں بیٹری سب سے اہم جزو ہے۔
کچھ وقت پہلے تک بیٹریاں مکمل طور پر درآمد کی جاتی تھیں، لیکن 2017 میں TDSG بیٹری پلانٹ کی بنیاد رکھی گئی۔ اب تین جاپانی کمپنیاں مل کر ہندوستان میں پہلی بار بیٹری سیلز تیار کریں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کچھ سال پہلے تک EVs کو صرف ایک متبادل کے طور پر دیکھا جاتا تھا، لیکن اب یہ کئی مسائل کا پائیدار حل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سنگاپور کے دورے کے دوران انہوں نے پرانی گاڑیوں اور ایمبولینسز کو ہائبرڈ EV میں بدلنے کی بات کہی تھی، جسے ماروتی سوزوکی نے ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا اور ہائبرڈ ایمبولینس کا ایک پروٹوٹائپ تیار کیا ہے۔