الیکشن کمیشن نے راجستھان میں ووٹر فہرست جائزے کی مہم شروع

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-11-2025
الیکشن کمیشن نے راجستھان میں ووٹر فہرست جائزے کی مہم شروع
الیکشن کمیشن نے راجستھان میں ووٹر فہرست جائزے کی مہم شروع

 



جے پور: الیکشن کمیشن کے حکم کے بعد راجستھان میں منگل (4 نومبر) سے گھر گھر جا کر ووٹر لسٹ کے نظرِ ثانی (SIR) مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ اسی سلسلے میں کانگریس پارٹی نے ووٹ چوری کی سازش کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ پارٹی نے پورے صوبے میں 52 ہزار سے زائد کارکنوں کو بی ایل اے (بوٹھ لیول اسسٹنٹ) کے طور پر مقرر کیا ہے۔

دوسری جانب، بی جے پی نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے کانگریس کے مقابلے میں دوگنی کارکنوں کی فوج اتار دی ہے۔ ساتھ ہی یہ الٹی میٹم بھی دیا ہے کہ "بھارت کوئی دھرم شالا نہیں" کہ باہر سے آنے والے لوگ یہاں کے ووٹر بن کر ملک کے فیصلے کریں — ایسے تمام لوگوں کو ہر حال میں ووٹر لسٹ سے باہر ہونا ہوگا۔

کانگریس نے حکومت اور الیکشن کمیشن پر اٹھائے سوال ضمنی انتخاب کی وجہ سے انتا سیٹ کو چھوڑ کر راجستھان کی باقی 199 اسمبلی نشستوں پر آج سے ایس آئی آر مہم شروع ہو گئی ہے۔ کانگریس پارٹی نے اس عمل پر حکومت اور الیکشن کمیشن دونوں کی نیت پر سوال اٹھایا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اس مہم کے ذریعے ووٹ چوری کی سازش کی جا رہی ہے۔

پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری اور میڈیا انچارج سورنِم چترویدی نے کہا، "کانگریس پارٹی ہر ووٹ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، اور کسی بھی ووٹر کا نام غلط یا من مانی طور پر لسٹ سے نہیں ہٹنے دیا جائے گا۔" چترویدی نے الزام لگایا کہ "مسلمان، دلت اور کانگریس حکومت کے دوران چلائی گئی فلاحی اسکیموں کے مستفید افراد کو خاص طور پر نشانہ بنا کر ان کے نام کاٹے جا سکتے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا، "اسی لیے ایسی جگہوں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے اور خصوصی نگرانی کا انتظام کیا گیا ہے۔ 52,365 کارکنوں کو بوٹھ لیول اسسٹنٹ کے طور پر مقرر کر کے ان کی فہرست الیکشن کمیشن کو سونپ دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہر بوٹھ پر پانچ فعال کارکن نگرانی پر مامور کیے گئے ہیں۔ ہر اسمبلی حلقے کے لیے الگ انچارج بھی تعینات کیے گئے ہیں۔" ان کے مطابق، "بہار کی طرح یہاں بھی ایک بھی ووٹ چوری نہیں ہونے دیا جائے گا۔"

بی جے پی کا جوابی وار دوسری جانب، بی جے پی نے کانگریس کے الزامات اور دعووں پر سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ بی جے پی کے صوبائی صدر اور راجیہ سبھا کے رکن مدن راٹھوڑ نے کہا، "بھارت کوئی دھرم شالا نہیں ہے کہ یہاں کوئی بھی آئے اور ملک کے فیصلوں پر اپنا حق جتائے۔"

ان کے مطابق، "باہر سے آنے والے لوگوں کو یہاں کے ووٹر بن کر ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ہرگز نہیں دیا جا سکتا۔ ایسے لوگوں کو ووٹر لسٹ سے باہر ہونا ہی ہوگا۔" مدن راٹھوڑ نے مزید کہا کہ "اگر کانگریس نے ہر بوٹھ پر اپنے کارکنوں کو بی ایل اے کے طور پر تعینات کیا ہے تو بی جے پی نے بی ایل اے-2 کی تقرری بھی کر دی ہے، یعنی ہم نے دگنے کارکن تعینات کر دیے ہیں۔