الیکشن کمیشن میٹینگ بلا کر ایس آئی آر پر شکوک و شبہات دور کرے: عمر عبداللہ

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-12-2025
الیکشن کمیشن میٹینگ بلا کر ایس آئی آر پر شکوک و شبہات دور کرے: عمر عبداللہ
الیکشن کمیشن میٹینگ بلا کر ایس آئی آر پر شکوک و شبہات دور کرے: عمر عبداللہ

 



سری نگر/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستانی انتخابی کمیشن کو خصوصی گہری نظرِ ثانی  سے متعلق سیاسی جماعتوں کے خدشات دور کرنے کے لیے ایک میٹنگ بلانی چاہیے۔ عمر عبداللہ نے فوج کی جے اے کے ایل آئی رجمنٹ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کچھ خدشات موجود ہیں، اور بہتر ہوگا کہ انتخابی کمیشن ہم جیسے لوگوں کو بلا کر یہ سمجھائے کہ ایس آئی آر اصل میں ہے کیا، کیونکہ ہم نے دیکھا ہے کہ مشینوں کے ذریعے انتخابات میں چوری تو نہیں ہوتی، لیکن ان میں ہیرا پھیری ضرور ممکن ہے۔
عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر میں 2023 کی حد بندی کو انتخابات میں ہیرا پھیری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے سیاسی فائدے کے لیے سات سیٹیں بنائیں، جس سے صرف ایک ہی پارٹی یا اس کے اتحادیوں کو فائدہ ہوا۔ انتخابات میں اسی طرح ہیرا پھیری کی جاتی ہے۔ اسی لیے ایس آئی آر کو لے کر خدشات ہیں کہ اس کے ذریعے بھی انتخابات میں مداخلت ہو سکتی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے پریڈ میں شامل تقریباً 713 نوجوانوں کو جے اے کے ایل آئی میں شمولیت پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ جے اے کے ایل آئی کا جموں و کشمیر کے ساتھ گہرا تعلق ہے، کیونکہ یہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے جمعرات کو ہندوستان پہنچنے پر عمر عبداللہ نے کہا کہ نئی دہلی اور ماسکو کے درمیان تعلقات بہت پرانے اور مضبوط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ ہمارے بہت قدیم اور گہرے تعلقات ہیں۔ جب ہمارے پڑوسیوں نے ہندوستان کے خلاف سازشیں کیں، جنگ کی یا حملے کیے، تو روس نے ہمیشہ وقتاً فوقتاً ہندوستان کا ساتھ دیا ہے۔
مزید کہا کہ روس نے ہمیشہ ہندوستان کی مدد کی ہے—چاہے وہ ہتھیاروں کی فراہمی ہو یا اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل میں اپنی ویٹو پاور کا استعمال۔ یہ اچھی بات ہے کہ روسی صدر ہندوستان آ رہے ہیں۔ اگر ہمارے تعلقات مزید بہتر ہوتے ہیں تو یہ انتہائی مثبت قدم ہوگا۔ عمر عبداللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ہندوستان–روس تعلقات کی بہتری سے کسی دوسرے ملک کو فائدہ ہوتا ہے، تو اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیرِ اعظم کے پوتن کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں، اور اگر اس سے یوکرین کو کسی طرح فائدہ پہنچتا ہے، اگر ہم روس کو امن کی راہ اختیار کرنے اور یوکرین پر حملے روکنے کے لیے قائل کر سکیں، تو میرے خیال میں یہ سب کی کامیابی ہوگی۔