نئی دہلی: کرناٹک کے چیف الیکشن آفیسر (سی ای او) نے جمعرات کو کانگریس رہنما راہل گاندھی سے کہا ہے کہ وہ ان ووٹروں کے نام فراہم کریں جن کے بارے میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ریاست کی ووٹر لسٹ میں یا تو غلط طریقے سے شامل کیا گیا ہے یا ان کا نام نکال دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی، الیکشن آفیسر نے راہل گاندھی سے اس سلسلے میں ایک دستخط شدہ حلف نامہ بھی طلب کیا ہے تاکہ انتخابی حکام اس معاملے میں ضروری کارروائی شروع کر سکیں۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق راہل گاندھی کو یا تو انتخابی قوانین کے تحت ایک با ضابطہ حلف نامے پر دستخط کرنا چاہیے اور ان افراد کی فہرست دینی چاہیے جن کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے نام ووٹر لسٹ میں غلط طریقے سے شامل کیے گئے ہیں یا نکالے گئے ہیں، ورنہ انہیں عوام کو گمراہ کرنا بند کرنا چاہیے اور الیکشن کمیشن پر بے بنیاد الزامات لگانا چھوڑ دینا چاہیے۔
راہل گاندھی کی جانب سے ووٹنگ میں دھاندلی کے الزام کے فوراً بعد انہیں جو خط بھیجا گیا، اس میں ریاستی الیکشن آفیسر نے کہا کہ نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران "آپ نے ووٹر لسٹ میں نااہل ووٹروں کو شامل کیے جانے اور اہل ووٹروں کو باہر نکالے جانے کا ذکر کیا تھا
خط میں کہا گیا:آپ سے گزارش ہے کہ براہِ کرم ووٹر رجسٹریشن قوانین 1960 کے قاعدہ 20(3)(b) کے تحت منسلک حلف نامے پر دستخط کریں اور اسے ووٹروں کے ناموں کی فہرست کے ساتھ واپس بھیجیں، تاکہ ضروری کارروائی شروع کی جا سکے۔ راہل گاندھی، جو اس وقت لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف ہیں، انہوں نے الزام لگایا ہے کہ کرناٹک کے ایک پارلیمانی حلقے میں 1,00,250 ووٹوں کی چوری ہوئی ہے۔
ان کے مطابق: ایک اسمبلی حلقے میں 11,965 ڈپلیکیٹ ووٹر ہیں، 40,009 ووٹر ایسے ہیں جن کے پتے جعلی یا غیر قانونی ہیں، 10,452 ووٹر ایک جیسے یا اجتماعی پتوں والے ہیں، 4,132 ووٹر کے پاس غلط یا غیر قانونی تصاویر ہیں، جبکہ 33,692 نئے ووٹروں نے فارم 6 کا غلط استعمال کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے یہاں بتایا کہ انہیں آج شام تک راہل گاندھی کی طرف سے دستخط شدہ حلف نامہ موصول ہونے کی توقع ہے۔
چیف الیکشن آفیسر نے راہل گاندھی کو یہ بھی یاد دلایا کہ ووٹر لسٹیں عوامی نمائندگی ایکٹ 1950، ووٹر رجسٹریشن قوانین 1960 اور وقتاً فوقتاً الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے تحت شفاف طریقے سے تیار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ ووٹر لسٹ کا عمل کانگریس کے نمائندوں کے ساتھ بھی شیئر کیا گیا تھا۔