پٹنہ:بہار میں ووٹر لسٹ کے گہرے نظرثانی (گہرے تجدیدی عمل) کو لے کر اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن پر شدید تنقید کی ہے۔ اس کے جواب میں منگل کو انتخابی افسران نے کہا کہ یہ عمل مکمل طور پر شمولیتی ہے، جس میں ہر پہلو کا خیال رکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس عمل کے خلاف لگائے جا رہے تمام الزامات بے بنیاد اور لغو ہیں۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کا کہنا ہے کہ اس نظرثانی کے نتیجے میں کروڑوں ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی سے محروم ہو جائیں گے۔ سپریم کورٹ نے بھی پیر کو اس معاملے میں دائر درخواستوں پر 10 جولائی کو سماعت کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔
کانگریس، این سی پی (شراد پوار گروپ)، شیو سینا (یو بی ٹی)، سماج وادی پارٹی، جھارکھنڈ مکتی مورچہ، سی پی آئی اور سی پی آئی (ایم ایل) کے رہنماؤں نے اس معاملے میں مشترکہ طور پر عدالت سے رجوع کیا ہے۔ کئی دیگر درخواستیں بھی اس نظرثانی عمل کے خلاف داخل کی گئی ہیں، جو اس سال کے آخر میں بہار میں ہونے والے انتخابات سے قبل ہو رہا ہے۔
سپریم کورٹ میں سماعت سے قبل الیکشن کمیشن کے افسران نے بتایا کہ یہ عمل ریاست کے موجودہ 7,89,69,844 ووٹرز تک پہنچ رہا ہے۔ ان کے مطابق 7.69 کروڑ یعنی 97.42 فیصد ووٹرز کو پہلے سے بھرے ہوئے ’گنتی فارم‘ فراہم کیے گئے ہیں، جن میں ووٹر کا نام، پتہ، پرانی تصویر وغیرہ شامل ہے۔ بوتھ سطح کے افسران ہر گھر پر کم از کم تین بار جا رہے ہیں تاکہ کوئی ووٹر چھوٹ نہ جائے۔
حکام کے مطابق پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور دوسرا مرحلہ جاری ہے۔ بہت سے ووٹر وفات پا چکے ہیں، کچھ دوسری جگہ منتقل ہو گئے ہیں یا نقل مکانی کر گئے ہیں۔ فارم جمع کرانے والے تمام افراد کا نام 1 اگست کو شائع ہونے والی مسودہ ووٹر لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔ انتخابی رجسٹریشن افسران وہ مسودہ لسٹ تیار کریں گے جس میں 25 جولائی سے پہلے موصول ہونے والے فارم شامل ہوں گے۔
حکام نے اس بات پر زور دیا کہ 1 ستمبر کو ختم ہونے والی دعووں اور اعتراضات کی مدت کے دوران اہل افراد الگ سے اپنی اہلیت کے دستاویزات جمع کرا سکتے ہیں۔ ووٹر کی اہلیت آئینِ ہند کے آرٹیکل 326 کے تحت ہے، جسے عوامی نمائندگی قانون 1950 کی دفعہ 16 اور 19 کے ساتھ ملا کر سمجھا جانا چاہیے۔