راہل گاندھی کو پولنگ مراکز کی ویڈیو فوٹیج دینے سے الیکشن کمیشن کاانکار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-06-2025
راہل گاندھی کو پولنگ مراکز کی ویڈیو فوٹیج دینے سے الیکشن کمیشن کاانکار
راہل گاندھی کو پولنگ مراکز کی ویڈیو فوٹیج دینے سے الیکشن کمیشن کاانکار

 



نئی دہلی: مدتوں سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ پولنگ مراکز کی ویب کاسٹنگ فوٹیج کو عوامی طور پر جاری کیا جائے۔ اسی تناظر میں الیکشن کمیشن کے حکام نے ہفتہ، 21 جون کو کہا کہ ایسا قدم ووٹروں کی رازداری اور سلامتی کے حوالے سے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جو مطالبہ ایک منطقی درخواست کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، وہ درحقیقت ووٹروں کی رازداری، سلامتی، عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 اور 1951 میں طے شدہ قانونی اصولوں اور سپریم کورٹ کے احکامات کے بالکل خلاف ہے۔

حکام نے خبردار کیا کہ اگر یہ فوٹیج عام کی گئی تو کسی بھی گروپ یا فرد کی جانب سے ووٹروں کی شناخت کرنا آسان ہو جائے گا، جس کی وجہ سے ووٹ ڈالنے اور نہ ڈالنے والے دونوں ووٹر سماجی دباؤ، امتیاز اور دھمکی کا شکار بن سکتے ہیں۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی مخصوص سیاسی پارٹی کو کسی پولنگ بوتھ پر کم ووٹ ملے ہوں، تو وہ پارٹی سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے آسانی سے اندازہ لگا سکتی ہے کہ کس ووٹر نے ووٹ دیا اور کس نے نہیں، اور اس کے بعد ووٹرز کو ہراساں یا خوفزدہ کیا جا سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے 30 مئی کو ایک خط کے ذریعے ریاستی انتخابی افسران کو ہدایت دی کہ اگر کسی فیصلے کو عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاتا تو 45 دن کے بعد ایسی فوٹیج کو ضائع کر دیا جائے، تاکہ اس کے بدنیتی پر مبنی استعمال کو روکا جا سکے۔ حکام نے زور دے کر کہا کہ نتائج کے اعلان کے 45 دن کے اندر کسی بھی انتخاب کو چیلنج کیا جا سکتا ہے۔ اس مدت کے بعد فوٹیج کو محفوظ رکھنے سے غلط معلومات اور بدنیتی پر مبنی بیانیہ پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ان کے مطابق اگر 45 دنوں کے اندر انتخابی عرضی دائر کی جاتی ہے اور فوٹیج ضائع نہیں کی گئی ہو تو عدالت کے مطالبے پر یہ فوٹیج فراہم کی جاتی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹروں کی رازداری اس کے لیے غیر متنازع اصول ہے اور اس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے بھی اس اصول کو برقرار رکھا ہے۔

کانگریس اور بعض دیگر اپوزیشن جماعتوں نے 2024 کے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں شام پانچ بجے کے بعد کے پولنگ مراکز کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ گزشتہ برس دسمبر میں حکومت نے انتخابی قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی اور ویب کاسٹنگ فوٹیج سمیت کچھ الیکٹرانک دستاویزات کی عوامی نگرانی پر روک لگا دی تھی تاکہ امیدواروں کی ویڈیو ریکارڈنگ سمیت ان فوٹیجز کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔