ملک گیر ایس آئی آر کے لئے الیکشن کمیشن کے افسران کی میٹنگ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 22-10-2025
ملک گیر ایس آئی آر کے لئے الیکشن کمیشن کے افسران کی میٹنگ
ملک گیر ایس آئی آر کے لئے الیکشن کمیشن کے افسران کی میٹنگ

 



نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ووٹر لسٹوں کی جانچ کے لیے خصوصی گہری جانچ (Special Intensive Revision – SIR) مہم شروع کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ اس سلسلے میں کمیشن کے اعلیٰ افسران نے تمام ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرز کے ساتھ اہم میٹنگ کی، جس میں آئندہ انتخابات سے قبل ووٹر فہرستوں کو درست اور شفاف بنانے کے اقدامات پر غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ووٹر لسٹوں سے پرانے، غلط اور فرضی ناموں کو حذف کر کے اسے تازہ ترین اور درست بنایا جائے گا۔ خاص طور پر غیر قانونی غیر ملکی تارکین وطن کی شناخت اور ان کے ناموں کو فہرست سے نکالنے پر زور دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے اس مہم کو مرحلہ وار انداز میں شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے، تاکہ انتخابی نظام پر غیر ضروری دباؤ نہ پڑے۔ پہلے مرحلے میں یہ مہم ان ریاستوں میں شروع کی جائے گی جہاں 2026 میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں، جن میں آسام، کیرالہ، پڈوچیری، تمل ناڈو اور مغربی بنگال شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کچھ دیگر ریاستوں کو بھی پہلے مرحلے میں شامل کیا جا سکتا ہے، تاہم جہاں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں یا ہونے والے ہیں، وہاں SIR مہم بعد میں شروع کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس بار کی مہم کی بنیاد ہر ریاست میں گزشتہ بار کی گئی SIR رپورٹس پر رکھی جائے گی۔ مثلاً، بہار میں آخری بار 2003 میں یہ جانچ ہوئی تھی اور حال ہی میں ریاست میں 7.42 کروڑ ووٹروں کی حتمی فہرست 30 ستمبر کو شائع کی گئی ہے۔

دہلی میں یہ عمل آخری بار 2008 میں اور اتراکھنڈ میں 2006 میں کیا گیا تھا، جب کہ اکثر ریاستوں میں 2002 سے 2004 کے درمیان یہ عمل مکمل کیا گیا تھا۔ اب بیشتر ریاستیں پرانی اور نئی ووٹر فہرستوں کا موازنہ تقریباً مکمل کر چکی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے بتایا کہ کمیشن ملک گیر سطح پر SIR مہم شروع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اور جلد ہی اس کے باقاعدہ آغاز کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ستمبر میں ہی تمام ریاستوں کو اس حوالے سے تیار رہنے کی ہدایت دے دی گئی تھی۔ کمیشن کی کوشش ہے کہ 2026 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے تمام ریاستوں کی ووٹر لسٹیں مکمل طور پر درست، صاف اور شفاف ہوں۔