الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر کے حوالے سے سپریم کورٹ میں حلف نامہ جمع کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-12-2025
الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر کے حوالے سے سپریم کورٹ میں حلف نامہ جمع کیا
الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر کے حوالے سے سپریم کورٹ میں حلف نامہ جمع کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
اسپیشل انٹینسِو ریویژن کو لے کر الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کیا ہے۔ اس حلف نامے میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ مغربی بنگال میں ووٹر لسٹوں کے خصوصی گہری جانچ کے باعث بڑی تعداد میں ووٹروں کو حقِ رائے دہی سے محروم کیے جانے کے جو الزامات لگائے جا رہے ہیں، وہ انتہائی مبالغہ آمیز ہیں۔ کمیشن نے کہا ہے کہ یہ سب کچھ مخصوص سیاسی مفادات کے تحت پیش کیا جا رہا ہے۔
رکنِ پارلیمنٹ ڈولا سین نے 24 جون اور 27 اکتوبر 2025 کو جاری کیے گئے ایس آئی آر احکامات کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرتے ہوئے ایک مفادِ عامہ کی عرضی دائر کی ہے۔ اس کے جواب میں کمیشن کی جانب سے داخل کیے گئے جوابی حلف نامے میں کمیشن نے زور دے کر کہا کہ یہ عمل آئینی طور پر لازمی، دیرینہ اور باقاعدگی سے ہونے والا عمل ہے۔
الیکشن کمیشن کا مؤقف
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹر لسٹوں کی درستگی اور ان کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے یہ عمل ضروری ہے، جسے ٹی این سیشن، چیف الیکشن کمشنر بنام ہندوستان حکومت (1995) کے مقدمے میں سپریم کورٹ کی منظوری حاصل ہے۔ کمیشن نے واضح کیا کہ ایس آئی آر آئین کے آرٹیکل 324 اور نمائندگیِ عوام ایکٹ 1950 کی دفعات 15، 21 اور 23 پر مبنی ہے، جو الیکشن کمیشن کو ضرورت پڑنے پر ووٹر لسٹوں میں خصوصی ترمیم کرنے کا اختیار دیتا ہے۔
ایس آئی آر کیوں ضروری ہے؟
حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ 1950 کی دہائی سے اس قسم کی ترمیمات وقتاً فوقتاً ہوتی رہی ہیں، جن میں 1962–66، 1983–87، 1992، 1993، 2002 اور 2004 میں کی گئی ملک گیر نظرِ ثانی شامل ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں میں تیزی سے بڑھتے شہری کاری کے رجحان اور ووٹروں کی بڑھتی ہوئی نقل و حرکت کا حوالہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کہا کہ ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر نام جوڑے جانے اور حذف کیے جانے کے باعث دہرائی گئی اور غلط اندراجات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
کمیشن نے کہا ہے کہ ان خدشات کے علاوہ ملک بھر کی سیاسی پارٹیوں کی جانب سے مستقل شکایات موصول ہونے کے بعد، ہمہ ہندوستان سطح پر خصوصی گہری جانچ کا فیصلہ لیا گیا۔