ساگردیگھی (مغربی بنگال): مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی نے مالدہ ضلع میں ووٹر لسٹ کے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے عمل میں شامل عدالتی افسران کی تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی پر جمعرات کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کو موردِ الزام ٹھہرایا۔ ووٹروں کے نام فہرست سے ہٹائے جانے کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں نے بدھ کے روز ایس آئی آر میں شامل سات عدالتی افسران کو کئی گھنٹوں تک گھیرے میں رکھا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے انہیں بچایا۔
مرشدآباد ضلع میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بنرجی نے کہا: “الیکشن کمیشن عدالتی افسران کی حفاظت کرنے میں ناکام رہا، جس کی میں مذمت کرتی ہوں۔” بنرجی نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن نے ریاست میں سول اور پولیس انتظامیہ میں اپنے ہی افسران تعینات کر دیے ہیں۔
انہوں نے کمیشن پر “قانون و انتظام کو برقرار رکھنے میں مکمل ناکامی” کا الزام بھی لگایا۔ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے فوراً بعد کمیشن نے ریاست کے چیف سکریٹری، ہوم سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) سمیت کئی افسران کو تبدیل کر دیا تھا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا: “میری تمام طاقتیں چھین لی گئی ہیں، میں نے اس سے پہلے ایسا الیکشن کمیشن کبھی نہیں دیکھا۔”
بنرجی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی منصوبہ بندی بنگال میں اسمبلی انتخابات کو منسوخ کروا کر صدر راج نافذ کروانے کی ہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا: بی جے پی میں فرقہ وارانہ لوگ ہیں اور کچھ فرقہ وارانہ عناصر ہمارے درمیان بھی گھس آئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایسے لوگ بی جے پی سے پیسے لے کر حیدرآباد سے آئے ہیں اور ریاست میں مسلم ووٹ کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔