پٹنہ:راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو نے بدھ کے روز الیکشن کمیشن پر الزام لگایا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے ووٹ چوری میں ملوث ہے۔ بہار میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی رہنماؤں کو دو ووٹر شناختی کارڈ حاصل کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے اور یہ بات دہرائی کہ اگر ووٹر فہرست میں مبینہ بے ضابطگیوں کو درست نہیں کیا گیا تو آر جے ڈی بہار اسمبلی انتخابات کا بائیکاٹ کر سکتی ہے۔ بی جے پی نے ان الزامات کو غلط اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
یادو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، یہ حقیقت ہے کہ الیکشن کمیشن (ای سی) آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل بہار میں ووٹ چوری کے لیے بی جے پی کے ساتھ ساز باز کر رہا ہے۔ دراصل، اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے ابتدائی مرحلے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ مسودہ ووٹر فہرست کو ووٹ کی 'ڈکیتی' کہا جانا چاہیے۔ الیکشن کمیشن ریاست میں بی جے پی رہنماؤں کو دو ووٹر آئی ڈی کارڈ دلوانے میں مدد کر رہا ہے۔
آر جے ڈی رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ ’ووٹ ادھیکار یاترا‘ میں شامل ہوگی اور عوام سے ملاقات کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا، یاترا کے اختتام پر ہم غور کریں گے کہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینا ہے یا نہیں۔ میں بار بار یہ بات دہرا رہا ہوں کہ اگر الیکشن کمیشن اسی طرح کام کرتا رہا جیسے اس وقت کر رہا ہے تو ہمیں انتخابات کے بائیکاٹ پر غور کرنا ہی ہوگا۔
یادو نے مظفرپور کی میئر نرملہ دیوی پر دو ووٹر شناختی کارڈ رکھنے کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کی ممکنہ امیدوار نرملہ دیوی کے پاس ایک ہی اسمبلی حلقے کے دو مختلف پولنگ بوتھ کے ووٹر آئی ڈی کارڈ ہیں، جن کے نمبر REM1251917 اور GSB1835164 ہیں، اور دونوں پر مختلف عمریں درج ہیں۔
ان کے مطابق، ایس آئی آر کے پہلے مرحلے میں انہوں نے ضرور دو الگ الگ فارم بھرے اور ان پر مختلف دستخط کیے، جس کی الیکشن کمیشن نے بھی تصدیق کی۔ یادو کا مزید کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے دو افراد کے پاس بھی ایک ہی اسمبلی حلقے میں دو دو ووٹر آئی ڈی کارڈ موجود ہیں۔
انہوں نے الیکشن کمیشن پر الزام لگایا کہ وہ بی جے پی کے حق میں جعلی ووٹروں کی فہرست تیار کرنے میں مدد کر رہا ہے، اور کہا، "جب ایک ہی حلقے میں ایسے بڑے پیمانے پر یہ سب ہو رہا ہے تو ایس آئی آر کا کیا مطلب رہ جاتا ہے؟ ایک افسر کے مطابق، الیکشن کمیشن نے بدھ کو مظفرپور کی میئر اور بی جے پی رہنما کو دو ووٹر آئی ڈی کارڈ رکھنے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 اگست تک جواب طلب کیا ہے۔
یادو نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا کے نام پر بھی دو اسمبلی حلقوں میں ووٹر آئی ڈی کارڈ درج ہیں۔ اس پر سنہا نے یادو کے الزامات کو "جھوٹا اور گمراہ کن" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس پر قانونی کارروائی کریں گے۔
آر جے ڈی رہنما نے مزید الزام لگایا کہ بی جے پی کے بہار انچارج بھیخوبھائی دلسانیا، جو گجرات کے رہائشی ہیں، بہار میں ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ ہو گئے ہیں، حالانکہ انہوں نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں گجرات میں ووٹ ڈالا تھا۔ یادو کا کہنا تھا کہ ان کا نام بہار کی ووٹر فہرست میں ہندی کے بجائے گجراتی میں درج ہے تاکہ عام لوگ اسے نہ پڑھ سکیں۔
یادو نے الیکشن کمیشن پر بی جے پی کے حق میں ووٹروں کو شامل کرنے اور اپوزیشن کے ووٹ دبانے کا الزام لگایا، اور کہا، "بہار کے عوام جانتے ہیں کہ یہ لوگ 2020 سے ووٹ چوری کر رہے ہیں۔" انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں اسی دھاندلی کی وجہ سے آر جے ڈی کو 15 نشستوں کا نقصان ہوا۔
یادو نے دوہرے ووٹر کارڈ کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ یہ مسئلہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، اور انہیں امید ہے کہ عدالت سے انصاف ملے گا۔ ادھر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ گھس پیٹھیوں کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس پر یادو نے کہا کہ اگر ایسا ہے تو الیکشن کمیشن کو ان ووٹروں کی نشاندہی کرنی چاہیے جو غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوئے ہیں۔