جے پور: ششی کانت سوتھار نے منگل کے روز دعویٰ کیا کہ NEET-UG 2026 امتحان کے پرچے کے مبینہ لیک ہونے کے حوالے سے “ٹھوس شواہد” موجود ہیں۔ ان کے مطابق امتحان سے پہلے گردش کرنے والی PDF فائلوں میں موجود کئی سوالات اصل امتحانی پرچے سے مکمل طور پر ملتے تھے۔
ششی کانت سوتھار نے جے پور میں ANI سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 3 مئی کو ہونے والے امتحان کے بعد جب وہ طلبہ کے سوالات حل کر رہے تھے تو اس دوران یہ معاملہ سامنے آیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک جاننے والے شخص نے انہیں کیمسٹری کے سوالات پر مشتمل ایک PDF دکھائی۔ جب انہوں نے اس دستاویز کا NEET-UG کے اصل پرچے سے موازنہ کیا تو تمام 45 سوالات بالکل ایک جیسے نکلے۔
سوتھار نے کہا، “3 مئی کے امتحان کے بعد جب میں اپنے طلبہ کے لیے پیپر حل کر رہا تھا تو ایک جاننے والے نے مجھے کیمسٹری سوالات کی PDF دکھائی۔ جب میں نے ان 45 سوالات کو اصل NEET-UG پیپر سے ملایا تو حیران رہ گیا کیونکہ ہر سوال مکمل طور پر میچ کر رہا تھا۔” انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ بایولوجی کے سوالات پر مشتمل ایک الگ PDF بھی ایک دوسرے استاد کی مدد سے چیک کی گئی، جس میں موجود 90 سوالات بھی اصل امتحانی پرچے سے ملتے تھے۔ ان کے مطابق، “ہم نے ایک استاد سے کہا کہ وہ بایولوجی کے 90 سوالات کو NEET پیپر سے چیک کرے، اور وہ بھی مکمل طور پر میچ ہوگئے۔
اس کے بعد ہم نے یہ معلومات NTA کو فراہم کیں، جس پر ادارے نے فوری کارروائی کی۔ بعد میں CBI اور راجستھان SOG کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا۔” سوتھار نے دعویٰ کیا کہ مضبوط شواہد سامنے آنے کے بعد حکومت کو دوبارہ امتحان لینے کے فیصلے پر غور کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا، “اس بار ہمارے پاس واضح اور مضبوط ثبوت موجود تھے، اسی لیے حکومت کو re-NEET کے بارے میں فیصلہ کرنا پڑا۔” ایک استاد کے ممکنہ طور پر اس معاملے میں ملوث ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے اُن طلبہ کو شدید مایوس کیا ہے جو کئی مہینوں سے اس امتحان کی تیاری کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا، “ایک استاد ہونے کے ناطے میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ کوئی استاد ایسی حرکت میں شامل ہو سکتا ہے۔ طلبہ اپنی محنت اور خوابوں کے لیے بڑی قربانیاں دیتے ہیں، اور ایسے واقعات ان کی ساری محنت برباد کر دیتے ہیں۔” واضح رہے کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے زیرِ اہتمام ہونے والے NEET-UG 2026 امتحان پر پرچہ لیک ہونے کے الزامات کے بعد تنازع شدت اختیار کر گیا ہے، جبکہ امتحان کی منسوخی نے طلبہ اور والدین میں مزید تشویش پیدا کر دی ہے۔