کالی کٹ ؍راجکوٹ(عبدالکریم امجدی )
ایس ایس ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی قدرتی آفات کےخطرات سے نمٹنے کیلئے موثر تدارک کی ضرورت ہے ۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے نظام کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے۔ یہ مطالبہ گجرات کے شہر راجکوٹ میں جاری سنی اسٹو ڈینس ایس ایس ایف تنظیم کے قومی تربیتی پروگرام "اوسنووی" میں منظور کی گئی قرارداد میں کیا گیا۔قرارداد میں کہا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ملک میں قدرتی آفات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔
عالمی حدت، بادل پھٹنے کے واقعات، سمندری طوفان، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ کئی دہائیوں پرانے اعداد و شمار کی بنیاد پر تیار کیے گئے سیلابی نقشے اور لینڈ سلائیڈ زونز موجودہ حالات سے مطابقت نہیں رکھتے ہیں،قرارداد میں مزید کہا گیا کہ غیر منصوبہ بند شہری ترقی بھی آفات کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔ جھیلوں، تالابوں اور آبی گزرگاہوں پر ناجائز تعمیرات اور نکاسیٔ آب کے ناقص نظام کے باعث دہلی، بنگلورو، چنئی، ممبئی سمیت بڑے شہروں میں معمولی بارش بھی شدید شہری سیلاب کا سبب بن رہی ہے۔
ایس ایس ایف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بروقت وارننگ جاری کرنے، خطرناک علاقوں سے لوگوں کی محفوظ منتقلی اور پناہ گاہوں کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے نہ صرف آفات کے نقصانات کم کیے جائیں بلکہ بعد از آفت بحالی اور بازآبادکاری کے لیے بھی مرکزی اور ریاستی حکومتیں باہمی تعاون سے جامع حکمت عملی تیار کریں۔
مقامی انتظامیہ کو واضح رہنما خطوط اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی باقاعدہ تربیت فراہم کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔قرارداد میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈز کی تقسیم اور امدادی معیارات کے حوالے سے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان اکثر اختلافات اور تاخیر سامنے آتی ہے، جنہیں فوری طور پر دور کیا جانا چاہیے۔اسی ایس ایف کےقومی صدر سی پی عبید اللہ ثقافی نے پروگرام کا افتتاح کیا، جبکہ دلشاد احمد کشمیر نے صدارت کی۔ مختلف تربیتی نشستوں کی قیادت مفتی شریف نظامی (رتناگیری)، فقیہ القمر ثقافی (بہار)، شریف نظامی (منجیری) اور ندیم ملتانی (اندور) نے کی۔ ظفر مدنی (دہلی) نے استقبالیہ کلمات پیش کیے جبکہ نواز بھٹکل نے اظہارِ تشکر کیا۔
فوٹو کیپشن:گجرات کے راجکوٹ میں ایس ایس ایف نیشنل کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ "اوسنووی" قومی قائدانہ تربیتی پروگرام کا منظر-