نئی دہلی: مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے بدھ کے روز مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے نوجوانوں کو مفت آن لائن کوچنگ فراہم کرنے سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کی پہل کے نفاذ کے سلسلے میں اعلیٰ حکام کے ساتھ جائزہ اجلاس کیا۔ وزیر اعظم مودی نے گزشتہ ہفتے ہفتہ کے روز یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں اس پہل کا اعلان کیا تھا۔
پردھان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے محکمے کے حکام کے ساتھ ہونے والے اجلاس کا بنیادی مقصد ’’ایک مضبوط قومی پلیٹ فارم تیار کرنا تھا، جس کے ذریعے ملک بھر کے طلبہ کو اعلیٰ معیار کا مطالعاتی مواد، ماہرین کی رہنمائی اور منظم تیاری کی سہولت فراہم کی جا سکے۔‘
‘ وزیر اعظم نے مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے امیدواروں کے اہل خانہ پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے مفت آن لائن کوچنگ فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ مودی نے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا، ’’کوچنگ کلاسیں غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں پر بوجھ ہیں۔ ہم مختلف امتحانات کے لیے مفت آن لائن کوچنگ فراہم کریں گے۔‘‘ انہوں نے کہا تھا، ’’ہر والدین کو لگتا ہے کہ اگر وہ اپنے بچے کو کوچنگ کلاس میں نہیں بھیجتے تو ان کے خاندان کو باوقار نہیں سمجھا جائے گا۔‘‘