نئی دہلی / آواز دی وائس
اینفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے گروگرام اور دہلی میں کال سینٹر فراڈ کا انکشاف کیا ہے۔ گروگرام میں ای ڈی کی ٹیم نے 7 مقامات پر چھاپے مارے۔ ای ڈی نے غیر قانونی کال سینٹر گھوٹالے سے متعلق منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ ، 2002 کے تحت یہ کارروائی کی۔
معلومات کے مطابق یہ کارروائی ایک بڑے غیر قانونی کال سینٹر گھوٹالے اور اس سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں کی گئی۔ ای ڈی کی تفتیش سی بی آئی کی ایف آئی آر کی بنیاد پر شروع ہوئی تھی۔ ایف آئی آر میں الزام تھا کہ کچھ افراد دہلی اور آس پاس غیر قانونی کال سینٹر چلا رہے تھے اور خاص طور پر امریکی شہریوں کو ٹیکنیکل فراڈ کا شکار بنا رہے تھے۔ یہ دھندہ نومبر 2022 سے اپریل 2024 تک جاری رہا۔
امریکی شہریوں کو بنایا ہدف
ای ڈی کی تفتیش میں سامنے آیا کہ ملزمان ارجن گلاٹی، دیویانش گوئل اور ابھی نَو کالرا نے گروگرام اور نوئیڈا سے کال سینٹر چلایا اور امریکی شہریوں کو "ٹیکنیکل سپورٹ" کے بہانے لوٹا۔ انہوں نے متاثرین کے بینک اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی حاصل کی اور کروڑوں روپے باہری ممالك كے اكاونٹس میں بھیجے۔ پھر پیچیدہ بینکنگ نیٹ ورک کے ذریعے یہ رقم واپس ہندوستان لائی گئی اور اپنی طرز زندگی پر خرچ کی گئی۔
۔2 سال میں 15 ملین امریکی ڈالر کی دھوکہ دہی
ملزمان نے گروگرام اور نوئیڈا کے کال سینٹر سے دو سال میں تقریباً 15 ملین امریکی ڈالر یعنی تقریباً 125 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کی۔ ای ڈی نے چھاپے کے دوران 30 بینک اکاؤنٹس فریز کیے، 8 لگژری کاریں اور مہنگی گھڑیاں ضبط کیں۔ اس کے علاوہ 100 کروڑ سے زیادہ کی جائیداد بھی غیر قانونی کمائی سے خریدی گئی تھی۔
سائبر فراڈ نیٹ ورک کی کھوج
ای ڈی نے مرکزی تفتیشی بیورو، آئی او ڈی، دہلی کی جانب سے آئی پی سی , 1860 اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ، 2000 کی مختلف دفعات کے تحت درج ایک ایف آئی آر کی بنیاد پر اس معاملے کی تحقیقات شروع کی تھی۔ ایف آئی آر میں الزام تھا کہ نامعلوم ملزمان ایک دوسرے کے ساتھ جرم میں ملی بھگت کر کے امریکی شہریوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔
ملزمان نے نومبر 2022 سے اپریل 2024 کے دوران دہلی اور آس پاس کے علاقوں سے غیر قانونی کال سینٹر چلائے تاکہ امریکی شہریوں کو ٹیکنیکل فراڈ کا شکار بنایا جا سکے۔ تفتیشی ایجنسی نے اس کیس میں کئی اہم افراد اور اس سائبر فراڈ میں شامل لوگوں کے بیانات بھی درج کیے ہیں، جس سے دھوکہ دہی کے طریقے کار کا پتہ چلا۔
فی الحال ای ڈی مزید تحقیقات کر رہی ہے اور اس سائبر فراڈ کے پورے نیٹ ورک کو کھنگال رہی ہے۔