ممبئی: ای ڈی نے 8 مقامات پر چھاپے مارے

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-10-2025
ممبئی: ای ڈی نے 8 مقامات پر چھاپے مارے
ممبئی: ای ڈی نے 8 مقامات پر چھاپے مارے

 



ممبئی/ آواز دی وائس
بدھ کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کی ایک تحقیقات کے سلسلے میں ممبئی کے آٹھ مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ یہ کارروائی ایک بڑے منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک سے منسلک معاملے کے سلسلے میں کی گئی۔ ای ڈی کے ممبئی زونل آفس نے یہ چھاپے انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ 2002 کے تحت انجام دیے۔
حکام کے مطابق، یہ کارروائی اس مقصد سے کی جا رہی ہے کہ منشیات کی غیر قانونی فروخت سے حاصل شدہ مبینہ رقم کا سراغ لگایا جا سکے اور اسے ضبط کیا جا سکے۔ یہ غیر قانونی نیٹ ورک مبینہ طور پر فیصل جاوید شیخ اور ان کی ساتھی الفیہ فیصل شیخ چلا رہے تھے۔
ای ڈی کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ’’فیصل جاوید شیخ، سیلم ڈولا کے ذریعے ایم ڈی منشیات حاصل کر رہا تھا۔ سیلم ڈولا ایک بدنام زمانہ منشیات اسمگلر ہے، جس کا مجرمانہ ریکارڈ طویل ہے۔ وہ مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب ہے اور منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی نیٹ ورکس کی مالی معاونت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو  این سی بی  نے پہلے ہی سیلم ڈولا کی گرفتاری کے لیے قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے انعام کا اعلان کیا ہے۔ ای ڈی کی یہ کارروائی منشیات سے متعلق منی لانڈرنگ پر کریک ڈاؤن کا حصہ ہے اور اس کا مقصد ممبئی اور اس کے نواحی علاقوں میں منشیات کے کاروبار کو مالی مدد فراہم کرنے والے نیٹ ورکس کو ختم کرنا ہے۔
دوسری جانب، منگل کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے دہلی، نوئیڈا، گڑگاؤں، ہریانہ اور ممبئی میں 15 مقامات پر چھاپے مارے۔ یہ کارروائی ایک ’’ٹیک سپورٹ اسکیم‘‘ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں کی گئی۔
یہ چھاپے بھی انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ  کے تحت مارے گئے، جو اس کیس میں ایجنسی کی کارروائی کا حصہ تھے۔ یہ کیس دہلی پولیس کی جانب سے درج متعدد ایف آئی آرز کی بنیاد پر شروع کیا گیا تھا۔ ای ڈی کی تفتیش سے انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان دہلی کے روہنی، پشچم وہار اور راجوری گارڈن علاقوں سے جعلی کال سینٹرز چلا رہے تھے۔ یہ مراکز مبینہ طور پر معروف بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندے بن کر غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بناتے تھے۔