کولکتہ
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کے روز مغربی بنگال میں نو مختلف مقامات پر چھاپے مارے، جو پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (پی ڈی ایس) گھوٹالے سے متعلق منی لانڈرنگ کی جاری تحقیقات کا حصہ ہیں، حکام نے یہ اطلاع دی۔یہ چھاپے صبح سویرے سے ہی پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ 2002 (پی ایم ایل اے) کے تحت کولکتہ، بردوان اور ہبرا میں واقع سپلائرز اور ایکسپورٹرز سے منسلک مقامات پر جاری ہیں، جن کا تعلق اس معاملے میں نیرجن چندر ساہا اور دیگر افراد سے بتایا جا رہا ہے۔
ای ڈی کے کولکتہ زونل دفتر کی جانب سے یہ کارروائی اس کیس میں جاری تحقیقات کی بنیاد پر کی جا رہی ہے، جو بنیادی طور پر مغربی بنگال پولیس کی ایف آئی آر (مورخہ 23 اکتوبر 2020) پر مبنی ہے، جو بسی رہٹ پولیس اسٹیشن میں کسٹمز کے ڈپٹی کمشنر، گھوجاڈانگا ایل سی ایس کی شکایت پر درج کی گئی تھی۔ اس شکایت میں فلاحی اسکیموں کے لیے مختص پی ڈی ایس گیہوں کی بڑے پیمانے پر خرد برد کا الزام لگایا گیا تھا۔
جن مقامات پر تلاشی لی جا رہی ہے ان میں شمالی 24 پرگنہ میں سوسانتو ساہا اور ان کی فرم ساگر انٹرپرائزز کے دفتر اور رہائشی مقامات؛ ہبرا (شمالی 24 پرگنہ) میں سمیر کمار چندر اور پرتھا ساہا اور ان کی فرم آدرش انٹرنیشنل؛ بردوان میں ماں اناپورنا رائس کنسرن؛ بردوان میں سائناکس اناپورنا ادیوگ پرائیویٹ لمیٹڈ؛ نارتھ پاڑہ میں دولت رام گپتا؛ اور بردوان میں کنچن سوم کے مقامات شامل ہیں۔
مرکزی ایجنسی کے مطابق، اس کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ "ملزمان نے ایک منظم طریقہ کار کے تحت فلاحی مستحقین کے لیے مختص پی ڈی ایس گیہوں کو ہٹانے اور خرد برد کرنے کا نظام اپنایا۔
ایجنسی نے کہا کہ یہ گیہوں کم قیمت پر غیر مجاز ذرائع سے حاصل کیا گیا، جس میں سپلائرز، لائسنس یافتہ ڈسٹری بیوٹرز، ڈیلرز اور درمیانی افراد کی ملی بھگت شامل تھی۔مزید کہا گیا کہ "بڑی مقدار میں گیہوں کو غیر قانونی طور پر سپلائی چین سے ہٹا کر مختلف مقامات پر جمع کیا گیا۔
ای ڈی کے مطابق،اس کی اصل شناخت چھپانے کے لیے ملزمان نے فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) اور ریاستی حکومت کی نشاندہی والے اصل بوروں کو ہٹا کر یا الٹ کر دوبارہ بھر دیا، تاکہ شناختی علامات ختم ہو جائیں اور پی ڈی ایس گیہوں کو جائز اسٹاک ظاہر کرتے ہوئے کھلے بازار میں فروخت یا برآمد کیا جا سکے، جس کے نتیجے میں ملزمان کو ناجائز مالی فائدہ حاصل ہوا اور جرم سے حاصل شدہ رقم پیدا ہوئی۔