منشیات اسمگلنگ سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں چار ریاستوں میں ای ڈی کے چھاپے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2026
منشیات اسمگلنگ سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں چار ریاستوں میں ای ڈی کے چھاپے
منشیات اسمگلنگ سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں چار ریاستوں میں ای ڈی کے چھاپے

 



چنئی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو جنوبی ہندوستان کی چار ریاستوں تمل ناڈو، کرناٹک، تلنگانہ اور کیرالہ میں بیک وقت کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی سرحد پار منشیات کی اسمگلنگ کے متعدد معاملات سے متعلق منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے تحت کی گئی۔ منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے) کے تحت جاری تحقیقات کے سلسلے میں مجموعی طور پر 30 مقامات پر تلاشی مہم چلائی گئی۔

ان میں تمل ناڈو کے چنئی، ترونیل ویلی، ناگاپٹنم، ویلانکنی اور رام ناتھ پورم؛ کرناٹک کے کولار، مالور (ضلع کولار) اور ہوسکوٹے (شمالی بنگلورو ضلع)؛ تلنگانہ کے سری لنگم پلی، نانک رام گوڑہ (حیدرآباد) اور رنگاریڈی ضلع؛ جبکہ کیرالہ کے کوژیکوڈ، کنور، ملاپورم اور تریشور میں واقع احاطے شامل ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ای ڈی کی یہ کارروائی منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق تقریباً آٹھ ایف آئی آر کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔

یہ مقدمات مختلف ریاستی پولیس یونٹوں اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے درج کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی مرکزی حکومت کے ’نشہ مکت بھارت ابھیان‘ کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ یہ وزارت داخلہ کی جانب سے حال ہی میں جاری کیے گئے ’منشیات پر کنٹرول سے متعلق وژن ڈاکیومنٹ 2026-2029‘ میں طے کی گئی نفاذ کی حکمت عملی کے تحت بھی کی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق ای ڈی کی تحقیقات میں شامل ان معاملات میں میتھ ایمفیٹامین، گانجا اور ایم ڈی ایم اے جیسی منشیات کی اسمگلنگ شامل ہے۔ ان معاملات کے تار سری لنکا اور مغربی ایشیا کے بعض ممالک سے جڑے ہوئے ہیں۔ اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک میں 24 سے زیادہ ہندوستانی اور غیر ملکی شہریوں کے ملوث ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔