نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سٹے بازی ایپس سے جڑے مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے گوگل اور میٹا کو نوٹس جاری کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، دونوں ٹیکنالوجی کمپنیوں پر الزام ہے کہ وہ اپنی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ان غیر قانونی سٹے بازی ایپس کی تشہیر کر رہی ہیں اور ان کی صارفین تک رسائی کو ممکن بنا رہی ہیں۔
ای ڈی نے اس سلسلے میں دونوں کمپنیوں کے نمائندوں کو 21 جولائی کو دہلی میں واقع اپنے صدر دفتر میں طلب کیا ہے۔ یہ کارروائی اُس وقت کی گئی جب ای ڈی نے حال ہی میں ممبئی میں ایک بڑے ڈبہ ٹریڈنگ اور آن لائن سٹے بازی کیس میں چار مقامات پر چھاپے مارے۔ ان چھاپوں میں 3.3 کروڑ روپے کی بے حساب نقدی، قیمتی گھڑیاں، زیورات، غیر ملکی کرنسی، لگژری گاڑیاں اور نقدی گننے والی مشینیں برآمد ہوئیں۔
ای ڈی کا کہنا ہے کہ ان ایپس کے ذریعے کالا دھن سفید کرنے کی سرگرمیوں کو انجام دیا جا رہا ہے۔ یہ معاملہ رواں سال 9 جنوری کو مدھیہ پردیش کے اندور ضلع میں درج ایک ایف آئی آر سے جڑا ہوا ہے، جس کی بنیاد پر ای ڈی نے منی لانڈرنگ کی روک تھام سے متعلق قانون (PMLA) کے تحت تحقیقات کا آغاز کیا۔
ایف آئی آر میں بھارتی فوجداری ضابطہ (پہلے آئی پی سی) کی دفعات 419، 420، 319(2) اور 318(4) شامل کی گئی ہیں۔ ای ڈی اس پورے نیٹ ورک کی مالی و تکنیکی سرگرمیوں کی باریکی سے جانچ کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ ان غیر قانونی ایپس کے ذریعے کالے دھن کی لین دین میں کون کون سے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز ملوث ہیں۔