سونیا سے ای ڈی کی پوچھ گچھ ختم۔کوئی نیا نوٹس نہیں ملا

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-07-2022
سونیا سے ای ڈی کی پوچھ گچھ ختم۔کوئی نیا نوٹس نہیں ملا
سونیا سے ای ڈی کی پوچھ گچھ ختم۔کوئی نیا نوٹس نہیں ملا

 



 

نئی دہلی : کانگریس صدر سونیا گاندھی سے بدھ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ ای ڈی نے انہیں ابھی تک کوئی نیا نوٹس نہیں دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ای ڈی نے سونیا سے پو

چھا کہ ینگ انڈیا کے لین دین سے متعلق کتنی میٹنگیں ان کے گھر 10 جن پتھ پر ہوئی تھیں۔

منگل کو بھی جب ای ڈی نے ان سے کمپنیوں کے لین دین کے بارے میں پوچھا تو سونیا نے جواب دیا کہ کانگریس، ایسوسی ایٹ جرنل اور ینگ انڈین سے متعلق تمام لین دین سابق خزانچی موتی لال وورا دیکھ رہے تھے۔

ای ڈی نے کانگریس صدر سے کئی اہم سوالات کئے۔

ینگ انڈیا لمیٹڈ تنظیم کس شعبے میں کام کرتی ہے؟

آپ کی رہائش گاہ 10 جن پتھ پر لین دین کی کتنی میٹنگیں ہوئیں؟

آپ لین دین کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟ اس کے حصص کیسے فروخت ہوئے؟

بدھ کو پوچھ گچھ کے دوران کانگریس کارکنوں نے ملک بھر میں مظاہرہ کیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے والے کانگریس کے کئی ارکان پارلیمنٹ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ کانگریس ہیڈکوارٹر کے باہر، خواتین کانگریس کارکنوں کو سیکورٹی فورسز نے اٹھایا اور بسوں میں بھر دیا۔ اس دوران ان کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا ہے کہ ملک کو پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

تین دن میں 12 گھنٹے  سوال جواب، 5 دن کا وقفہ بھی ملا

سونیا پہلی بار 21 جولائی کو ای ڈی کے دفتر پہنچی تھی اور تین گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔ اس کے بعد 5 دن کا وقفہ ہوا۔ انہیں 26 جولائی کو بلایا گیا اور 6 گھنٹے تک سوالات کیے گئے۔ کل 12 گھنٹے کی پوچھ گچھ کے دوران ان سے 100 سے زائد سوالات پوچھے گئے ہیں۔

کانگریس کے سینئیر لیڈران نے اس کے خلاف سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ  ای ڈی نے انکوائری بند کر دی تھی۔ اب پہلے راہل گاندھی اور پھر سونیا گاندھی سے سوال کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ  عورتوں اور بیماروں کو جنگ میں بھی نہیں اٹھایا جاتا۔ مودی حکومت کارروائی کے معاملے میں نچلی ترین سطح پر آگئی ہے۔

کانگریس کے ملیکارجن کھرگے نے کہا کہ  ای ڈی بار بار دھمکی دے رہا ہے۔ کانگریس کو بدنام کرنے اور ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سونیا گاندھی کی صحت ٹھیک نہیں ہے لیکن اس کے باوجود انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب  بی جے پی کے سربراہ  جے پی نڈا نے کہا کہ  نیشنل ہیرالڈ میں کروڑوں کا گھوٹالہ ہوا ہے۔ تفتیشی ادارہ قانون کے مطابق کام کر رہا ہے۔ ایک خاندان کو بچانے کے لیے ستیہ گرہ کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔