ای ڈی نے 23,000 کروڑ روپے کا کالا دھن متاثرین میں تقسیم کیا:سپریم کورٹ کو بتایا گیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2025
ای ڈی نے  23,000 کروڑ روپے کا کالا دھن متاثرین میں تقسیم کیا:سپریم کورٹ کو بتایا گیا
ای ڈی نے 23,000 کروڑ روپے کا کالا دھن متاثرین میں تقسیم کیا:سپریم کورٹ کو بتایا گیا

 



نئی دہلی: سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے جمعرات کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے تقریباً 23,000 کروڑ روپے کی کالا دھن برآمد کرکے مالی جرائم کے متاثرین میں تقسیم کیا ہے۔ یہ بیان انہوں نے چیف جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس ستیش چندر شرما کی خصوصی بینچ کے سامنے دیا، جو عدالت کے 2 مئی کے متنازع فیصلے پر نظرثانی کی درخواستوں پر کھلی عدالت میں سماعت کر رہی تھی۔

سپریم کورٹ نے 2 مئی کو بھوشن اسٹیل اینڈ پاور لمیٹڈ (BSPL) کے لیے جے ایس ڈبلیو اسٹیل کی منظور شدہ حل کاری اسکیم کو مسترد کرتے ہوئے اسے دیوالیہ پن اور قرض کی عدم ادائیگی سے متعلق قانون (IBC) کی خلاف ورزی قرار دیا تھا اور BSPL کو تحلیل کرنے کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس کی سربراہی والی بینچ نے 31 جولائی کو اس فیصلے کو واپس لے لیا اور متعلقہ نظرثانی کی درخواستوں پر ازسر نو سماعت کا فیصلہ کیا۔

ان نظرثانی درخواستوں پر سماعت کے دوران ایک وکیل نے BSPL معاملے میں ای ڈی کی تفتیش کا بھی ذکر کیا، جس پر چیف جسٹس نے ہنستے ہوئے کہا، ’’ای ڈی یہاں بھی موجود ہے۔ اس پر سالیسٹر جنرل نے کہا، ’’میں ایک ایسی بات بتانا چاہتا ہوں جو آج تک کسی عدالت میں نہیں کہی گئی، اور وہ یہ کہ... ای ڈی نے 23,000 کروڑ روپے (کالا دھن) برآمد کرکے متاثرین کو دیا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ برآمد شدہ رقم سرکاری خزانے میں نہیں جاتی بلکہ مالیاتی جرائم سے متاثر افراد کو لوٹائی جاتی ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا، ’’سزا کی شرح کیا ہے؟‘‘ مہتا نے کہا کہ تعزیری جرائم میں سزا کی شرح بہت کم ہے، اور اس کی وجہ انہوں نے ملک کے فوجداری نظام انصاف میں موجود خامیوں کو قرار دیا۔

اس پر چیف جسٹس نے طنز کرتے ہوئے کہا، ’’اگرچہ انہیں قصوروار قرار نہیں دیا گیا، لیکن آپ برسوں سے بغیر کسی سماعت کے انہیں (ملزمان کو) سزا دینے میں کامیاب رہے ہیں۔ سالیسٹر جنرل نے کہا، ’’کچھ ایسے معاملات بھی ہیں جن میں سیاستدانوں کے یہاں چھاپے مارے گئے، جہاں نقدی اتنی زیادہ ملی کہ ہماری (نقدی گننے والی) مشینیں بند ہو گئیں… ہمیں نئی مشینیں منگوانی پڑیں۔

انہوں نے کہا کہ جب کچھ بڑے لیڈران پکڑے جاتے ہیں تو یوٹیوب پروگراموں پر کچھ خاص بیانیے بننے لگتے ہیں۔ چیف جسٹس نے جواب دیا، ہم بیانیوں کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرتے… میں نیوز چینل نہیں دیکھتا۔ میں صبح صرف 10-15 منٹ ہی اخبار کی سرخیاں دیکھتا ہوں۔ وکیل نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ جج سوشل میڈیا اور عدالت سے باہر بننے والے بیانیوں کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرتے۔

واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ کی کئی بینچیں، خاص طور پر حزبِ اختلاف سے وابستہ رہنماؤں کے خلاف منی لانڈرنگ کے معاملات میں ای ڈی کی مبینہ من مانی پر تنقید کرتی رہی ہیں۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے 21 جولائی کو ایک اور معاملے میں کہا تھا کہ ای ڈی ساری حدیں پار کر رہا ہے۔