نئی دہلی/ آواز دی وائس
ای ڈی کی ٹیم نے جمعہ کے روز حیدرآباد، وجے واڑہ اور وشاکھاپٹنم میں 9 مقامات پر چھاپے مارے۔ یہ کارروائی یونیورسل سرشٹی فرٹیلیٹی اینڈ ریسرچ سینٹر کے نام پر ڈاکٹر پچیپلی نمرتا عرف اتھلوری نمرتا کی جانب سے چلائے جا رہے غیر قانونی سروگیسی ریکیٹ کے سلسلے میں کی گئی۔ ای ڈی کی اس چھاپہ ماری کے دوران ٹیم کو کئی ایسے دستاویز ملے جن سے یہ انکشاف ہوا کہ نمرتا نے نہ صرف ہندوستان بھر کے کئی جوڑوں کو دھوکہ دیا بلکہ اس کاروبار سے کمائی گئی بھاری رقم سے کئی جائیدادیں بھی خریدیں۔
ای ڈی کی تفتیش میں یہ سامنے آیا ہے کہ ڈاکٹر نمرتا نے اولاد کی خواہش رکھنے والے جوڑوں کو یہ یقین دلایا کہ وہ سروگیسی کے ذریعے اپنا بچہ پا سکتے ہیں۔ اس پورے عمل کا خرچ تقریباً 30 لاکھ روپے بتایا جاتا تھا، جس میں آدھی رقم چیک کے ذریعے اور آدھی نقد لی جاتی تھی۔ جوڑوں کو یقین دلایا جاتا تھا کہ بچے کی پیدائش کے بعد ڈی این اے ٹیسٹ سے یہ ثابت ہو جائے گا کہ بچہ انہی کا ہے۔ لیکن کئی معاملات میں ڈی این اے ٹیسٹ سے یہ راز کھلا کہ جو بچہ دیا گیا وہ ان کا حیاتیاتی بچہ نہیں ہے۔
غریب عورتوں اور ایجنٹوں کا استعمال
ای ڈی کی تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ نمرتا اور ان کی ٹیم غریب اور مجبور عورتوں کو پیسے کا لالچ دے کر ان کے بچے لے لیتے تھے۔ ایجنٹ اس کام میں دلال کا کردار ادا کرتے اور کمیشن پاتے تھے جبکہ اصل رقم ڈاکٹر نمرتا خود رکھ لیتی تھیں۔ اس طرح نمرتا اب تک سیکڑوں جوڑوں سے کروڑوں روپے دھوکے سے وصول کر چکی ہیں۔
غیر ملکی جوڑے بھی بنے شکار
تحقیقات میں ایک حیران کن بات سامنے آئی کہ بیرونِ ملک سے آنے والے ایک جوڑے کو بھی اس دھوکہ دہی کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈی این اے ٹیسٹ میں سچائی سامنے آنے کے بعد ان کے بچے کو پاسپورٹ تک نہیں ملا۔ اس کے علاوہ کئی جوڑوں نے بدنامی کے خوف سے پولیس سے رجوع نہیں کیا، جس کا فائدہ ملزمان نے اٹھایا۔
۔10 سال سے چل رہا تھا ریکیٹ
ای ڈی کی جانچ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ یہ دھندہ گزشتہ 10 برسوں سے مختلف شہروں میں چل رہا تھا۔ اس کے لیے جعلی قانونی دستاویزات تیار کیے جاتے تاکہ ایسا لگے کہ بچہ پانے والے والدین اور سروگیٹ ماں خود اس عمل کے لیے راضی ہیں اور کلینک صرف سروس فراہم کر رہا ہے۔ اسی وجہ سے ملزمان پر کسی کو شک نہیں ہوتا تھا۔