منی لانڈرنگ کیس: ای ڈی نے 2,385 کروڑ روپے مالیت کے کرپٹو کو ضبط کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-10-2025
منی لانڈرنگ کیس: ای ڈی نے 2,385 کروڑ روپے مالیت کے کرپٹو کو ضبط کیا
منی لانڈرنگ کیس: ای ڈی نے 2,385 کروڑ روپے مالیت کے کرپٹو کو ضبط کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے غیر قانونی فاریکس ٹریڈنگ پلیٹ فارم اوکٹا ایف ایکس  سے متعلق منی لانڈرنگ کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں تقریباً 2,385 کروڑ روپے مالیت کی کرپٹو کرنسی کی شکل میں منقولہ اثاثوں کو عارضی طور پر منجمد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔  ای ڈی نے یہ کارروائی انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ، 2002 کے تحت کی ہے۔ ایجنسی کے مطابق، اس اسکیم کے مبینہ ماسٹر مائنڈ پاول پروزوروف کو حال ہی میں ہسپانوی حکام نے اسپین میں گرفتار کیا ہے۔ وہ کئی ممالک میں بین الاقوامی سائبر جرائم میں ملوث تھا۔
ای ڈی نے اپنی تحقیقات پونے کے شیو جی نگر پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے بعد شروع کی، جس میں متعدد افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے اوکٹا ایف ایکس کے ذریعے سرمایہ کاروں کو زیادہ منافع کا جھانسہ دے کر دھوکہ دیا۔ ای ڈی کی تفتیش سے انکشاف ہوا کہ اوکٹا ایف ایکس نے مبینہ طور پر جولائی 2022 سے اپریل 2023 کے درمیان ہندوستانی سرمایہ کاروں سے تقریباً 1,875 کروڑ روپے کا دھوکہ کیا اور 800 کروڑ روپے کے قریب ناجائز منافع حاصل کیا۔
ایجنسی نے بتایا کہ کمپنی کے 2019 سے 2024 تک کے آپریشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہندوستان سے حاصل ہونے والا کل منافع 5,000 کروڑ روپے سے زیادہ ہونے کا اندازہ ہے، جس کا بڑا حصہ غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک منتقل کیا گیا۔ اوکٹا ایف ایکس نے خود کو ایک آن لائن فاریکس ٹریڈنگ پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا، جو کرنسی، کموڈیٹی اور کرپٹو ٹریڈنگ کی سہولت دیتا تھا، حالانکہ اس کے پاس آر بی آئی (ریزرو بینک آف انڈیا) کی کوئی اجازت نہیں تھی۔ ابتدائی سرمایہ کاروں کو معمولی منافع دے کر ان کا اعتماد جیتنے کی کوشش کی گئی  جیسا کہ عام طور پر پونزی اسکیمز میں دیکھا جاتا ہے۔
ای ڈی نے کہا کہ تحقیقات سے پتہ چلا کہ اوکٹا ایف ایکس ایک عالمی سطح پر پھیلے ہوئے نیٹ ورک کے ذریعے کام کر رہا تھا، جسے اس طرح تیار کیا گیا تھا کہ ریگولیٹری ادارے اس کی مالی سرگرمیوں کو ٹریس نہ کر سکیں، اور غیر قانونی رقم کو مختلف ممالک میں چھپایا جا سکے۔
ایجنسی کے مطابق مارکیٹنگ سرگرمیاں برٹش ورجن آئی لینڈز میں رجسٹرڈ کمپنیوں کے ذریعے کی جا رہی تھیں؛ اسپین میں موجود افراد اور ادارے سرورز اور بیک آفس آپریشنز چلا رہے تھے؛ ایسٹونیا کی کمپنیاں ادائیگی کے گیٹ وے کنٹرول کر رہی تھیں؛ جارجیا کی کمپنیوں نے تکنیکی معاونت فراہم کی؛ قبرص میں موجود ادارہ ہندوستانی کمپنی کی ہولڈنگ کمپنی کے طور پر کام کر رہا تھا؛ دبئی میں مقیم ادارے روسی پروموٹرز کے ذریعے ہندوستانی آپریشنز کی نگرانی کر رہے تھے؛ اور سنگاپور کی کمپنیاں جعلی خدمات برآمد کر کے بیرونِ ملک رقم سفید کر رہی تھیں۔
ای ڈی نے مزید بتایا کہ اوکٹا ایف ایکس نے جعلی کینڈل اسٹک چارٹس اور دانستہ تاخیر کے ذریعے ٹریڈنگ میں ہیرا پھیری کی تاکہ سرمایہ کاروں کو مستقل نقصان ہوتا رہے۔ کمپنی نے مزید سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے انٹروڈیوسنگ بروکرز اسکیم شروع کی، جس کے تحت کلائنٹس ریفر کرنے والے افراد اور اداروں کو ان کی ٹریڈنگ سرگرمیوں کی بنیاد پر بھاری کمیشن دیے جاتے تھے۔ اوکٹا ایف ایکس نے روس اور اسپین میں مقیم ہندوستانیوں کو بھی ملازم رکھا تاکہ ہندوستانی صارفین کو مقامی سپورٹ فراہم کی جا سکے۔
ایجنسی کے مطابق، اوکٹا ایف ایکس نے سرمایہ کاروں سے رقم یو پی آئی اور مقامی بینک ٹرانسفرز کے ذریعے حاصل کی، جو فرضی ہندوستانی کمپنیوں اور افراد کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جاتی تھی، پھر ان رقموں کو متعدد جعلی کھاتوں کے ذریعے آگے بڑھا کر چھپایا جاتا تھا۔