اسکول داخلہ گھوٹالہ: ای ڈی نےایم ایل اے کو گرفتار کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-08-2025
اسکول داخلہ گھوٹالہ: ای ڈی نےایم ایل اے کو گرفتار کیا
اسکول داخلہ گھوٹالہ: ای ڈی نےایم ایل اے کو گرفتار کیا

 



کولکتہ / آواز دی وائس
پراونشمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مغربی بنگال میں اسکولوں میں اساتذہ اور ملازمین کی بھرتی میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں چھاپہ مار کارروائی کے بعد پیر کو حکمراں ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی جیون کرشن ساہا کو گرفتار کر لیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مغربی بنگال کے مشرِد آباد ضلع میں ایم ایل اے کی رہائش گاہ پر تلاشی لینے کے بعد انہیں مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے حراست میں لیا۔
ذرائع کے مطابق، ایم ایل اے نے چھاپے کے دوران دیوار پھلانگ کر گھر سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران انہوں نے اپنے فون بھی گھر کے پیچھے ایک نالے میں پھینک دیے، جنہیں بعد میں برآمد کر لیا گیا۔
چھاپہ ماری کے ویڈیو اور تصویروں میں ایم ایل اے کو بھیگا ہوا دکھایا گیا ہے، جہاں ای ڈی اور سی آر پی ایف کے افسران انہیں اس علاقے سے لے جا رہے ہیں، جہاں اطراف میں درخت، جھاڑیاں اور کچرا نظر آ رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بوروان اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی کو انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ  کے تحت ایجنسی کے ساتھ تعاون نہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ایم ایل اے کے کچھ رشتہ داروں اور ساتھیوں کے ٹھکانوں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی نے بھی اس ’’اسکینڈل‘‘ میں مبینہ ملوث ہونے پر ساہا کو 2023 میں گرفتار کیا تھا، تاہم بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔
ای ڈی کا منی لانڈرنگ کیس سی بی آئی کی اس ایف آئی آر سے شروع ہوا، جسے کلکتہ ہائی کورٹ نے درج کرنے کی ہدایت دی تھی تاکہ گروپ ’سی‘ اور ’ڈی‘ ملازمین، نویں سے بارہویں جماعت تک کے اسسٹنٹ ٹیچرز اور پرائمری ٹیچرز کی بھرتی میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی جا سکے۔
اس سے پہلے ای ڈی نے اس معاملے میں مغربی بنگال کے سابق وزیر تعلیم پارتھ چٹرجی، ان کی مبینہ ساتھی ارپیتا مکھرجی، ترنمول ایم ایل اے اور مغربی بنگال پرائمری ایجوکیشن بورڈ کے سابق چیئرمین مانک بھٹاچاریہ سمیت کئی دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا تھا۔
ترنمول کانگریس نے ای ڈی کے ذریعے گرفتاری کے بعد پارتھ چٹرجی کو معطل کر دیا تھا۔ تحقیقاتی ایجنسی اب تک اس معاملے میں چار الزامی چارج شیٹس داخل کر چکی ہے۔