نئی دہلی: وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے پیر کو کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں معاشی ترقی کی شرح مرکزی حکومت کی اصلاحات اور معیشت کے مؤثر انتظام کے مثبت نتائج کی عکاسی کرتی ہے۔ وزارت شماریات و پروگرام نفاذ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026-27 کی اپریل سے جون کی سہ ماہی میں ہندوستان کی معاشی ترقی کی شرح 7.8 فیصد رہی۔
پہلی سہ ماہی میں معاشی ترقی کی یہ شرح ریزرو بینک آف انڈیا کے 7 فیصد کے اندازے سے کہیں زیادہ ہے۔ سیتارمن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ’’اس مضبوط کارکردگی کا کریڈٹ ہندوستان کے عوام اور ان کی محنت کو جاتا ہے۔ این ڈی اے حکومت کی اصلاحات اور معیشت کے مؤثر انتظام کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت تمام شہریوں کے لیے اقتصادی مواقع کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی میں موجودہ قیمتوں پر جی ڈی پی میں 10.3 فیصد اضافہ ہوا۔ وہیں حقیقی مجموعی ویلیو ایڈڈ (GVA) میں 8.2 فیصد کی شرح سے اضافہ درج کیا گیا۔