نئی دہلی
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مغربی بنگال کے ڈائمنڈ ہاربر ضلع میں پانچ پولیس افسران کو معطل کر دیا ہے اور ان کے خلاف 2026 کے اسمبلی انتخابات کے دوران سنگین بدعنوانی اور غیر جانبداری برقرار نہ رکھنے کے الزام میں محکمانہ کارروائی شروع کر دی ہے۔مغربی بنگال کے چیف سیکریٹری کو بھیجے گئے ایک سرکاری بیان کے مطابق کمیشن نے فوری طور پر سندیپ گرائی (ایڈیشنل ایس پی، ڈائمنڈ ہاربر)، سوجل منڈل (ایس ڈی پی او، ڈائمنڈ ہاربر)، موسم چکرورتی (انچارج انسپکٹر، ڈائمنڈ ہاربر پولیس اسٹیشن)، اجے باگ (انچارج انسپکٹر، فالٹا پولیس اسٹیشن) اور سبھیچھا باگ (آفیسر انچارج، اُستھی پولیس اسٹیشن) کو معطل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
کمیشن نے اس کارروائی کی بنیاد "سنگین بدعنوانی اور غیر جانبداری برقرار رکھنے میں ناکامی" کو قرار دیا ہے۔ ان پانچوں افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔انتخابی کمیشن نے مزید ڈائمنڈ ہاربر کے ایس پی ایشانی پال کو بھی تنبیہ جاری کی ہے کہ وہ حساس انتخابی معاملات میں ماتحت افسران کے درمیان نظم و ضبط اور شفافیت کو یقینی بنانے میں ناکام رہیں۔کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ اس کارروائی کو فوری طور پر نافذ کیا جائے اور ہفتہ صبح 11 بجے تک اس کی تعمیل کی رپورٹ پیش کی جائے۔اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے جمعرات کو کہا تھا کہ مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں آزادی کے بعد اب تک کا سب سے زیادہ ووٹنگ فیصد درج کیا گیا ہے، جب شام 6 بجے پولنگ مکمل ہوئی۔
انہوں نے کہا، "آزادی کے بعد مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں سب سے زیادہ ووٹنگ فیصد درج ہوا الیکشن کمیشن مغربی بنگال اور تمل ناڈو کے ہر ووٹر کو سلام پیش کرتا ہے۔الیکشن کمیشن کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق، مغربی بنگال میں پہلے مرحلے کی پولنگ میں 91.91 فیصد کی نمایاں ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔
زیادہ ووٹنگ شرح اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان انتخابی عمل بھرپور انداز میں مکمل ہوا۔مغربی بنگال کے کئی اضلاع میں ووٹنگ 90 فیصد سے بھی زیادہ رہی۔ دکشن دیناجپور 94.85 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا، اس کے بعد کوچ بہار 94.54 فیصد، بیر بھوم 93.70 فیصد، جلپائی گوڑی 93.23 فیصد اور مرشد آباد 92.93 فیصد پر رہے۔
تمل ناڈو کی 234 اور مغربی بنگال کی 152 اسمبلی نشستوں پر ووٹنگ سخت سکیورٹی کے درمیان صبح شروع ہوئی تھی۔ مغربی بنگال کی باقی 142 نشستوں پر 29 مئی کو پولنگ ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی۔