نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو پانچ مزید ہوائی اڈوں پر فاسٹ ٹریک امیگریشن۔ ٹرسٹڈ ٹریولر پروگرام کا آغاز کیا۔ یہ سہولت پیشگی تصدیق شدہ ہندوستانی شہریوں اور اوورسیز سٹیزن آف انڈیا کارڈ ہولڈرز کے امیگریشن کے عمل کو تیز کرتی ہے۔ یہ خصوصی پہل سب سے پہلے جولائی 2024 میں اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر شروع کی گئی تھی۔ دو ماہ بعد اسے سات اور ہوائی اڈوں – ممبئی، چنئی، کولکاتہ، بنگلورو، حیدرآباد، کوچھی اور احمد آباد میں شروع کیا گیا۔ اب جمعرات کو لکھنؤ، ترواننت پورم، تروچراپلی، کوژیکوڈ اور امرتسر میں بھی شروع کیا گیا ہے۔
اب کل کتنے ہوائی اڈوں پر یہ سہولت دستیاب ہے؟
آئی جی آئی دہلی
ممبئی ہوائی اڈہ
چنئی ہوائی اڈہ
کولکاتہ ہوائی اڈہ
بنگلورو ہوائی اڈہ
حیدرآباد ہوائی اڈہ
کوچھی ہوائی اڈہ
احمد آباد ہوائی اڈہ
لکھنؤ ہوائی اڈہ
ترواننت پورم ہوائی اڈہ
تروچراپلی ہوائی اڈہ
کوژیکوڈ ہوائی اڈہ
امرتسرہوائی اڈہ
امیت شاہ نے کیا کہا؟
وزیر داخلہ امیت شاہ نے ڈیجیٹل ذرائع سے منعقد ایک خصوصی پروگرام میں کہا کہ فاسٹ ٹریک امیگریشن: ٹرسٹڈ ٹریولر پروگرام امیگریشن کے عمل کو آسان، تیز اور بغیر رکاوٹ بناتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کا سب سے زیادہ فائدہ او سی آئی کارڈ ہولڈرز اور بیرون ملک سفر کرنے والے ہندوستانی شہریوں کو ملے گا۔ اب تک تین لاکھ لوگوں نے رجسٹریشن کرایا ہے اور 2.65 لاکھ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ مرکزی وزیر نے اس خدمت کو انتہائی خوشی اور فخر کا موضوع قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن وزیر اعظم مودی کے اس وژن میں ایک اہم سنگ میل ہے، جس کے تحت رفتار، مہارت اور امکانات کو ایک ہی پروگرام میں ضم کیا گیا ہے، تاکہ امیگریشن خدمات کو بہتر بنایا جا سکے۔ حکام نے بتایا کہ یہ پروگرام تیز امیگریشن منظوری کو یقینی بناتا ہے اور اب تک ای-گیٹس کے ذریعے ہزاروں مسافروں کو تیزی سے امیگریشن منظوری دی جا چکی ہے۔ وزیر اعظم مودی ہمیشہ کہتے ہیں کہ ٹیکنالوجی کے آلات کے ساتھ ہمیں اعتماد بڑھانے والے کے طور پر بھی کام کرنا ہوگا۔
اس سہولت کا مقصد
وِکستھ ہندوستان@2047" وژن کے تحت ایک اہم پہل ہے۔ اس کا مقصد مسافروں کو عالمی معیار کی امیگریشن سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ بین الاقوامی سفر کو آسان اور محفوظ بنایا جا سکے۔ ابتدا میں یہ سہولت ہندوستانی شہریوں اور او سی آئی کارڈ ہولڈرز کے لیے مفت شروع کی گئی ہے۔
رجسٹرڈ مسافروں کو ای-گیٹ پر ایئر لائن کی جانب سے جاری بورڈنگ پاس اور پھر اپنا پاسپورٹ اسکین کرنا ہوگا۔ آمد اور روانگی دونوں مقامات پر مسافر کے بایومیٹرکس ای-گیٹ پر تصدیق کیے جائیں گے۔ یہ تصدیق مکمل ہونے پر ای-گیٹ خود بخود کھل جائے گا اور امیگریشن منظوری تصور کی جائے گی۔