بلوچستان کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے،مکانات منہدم

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 06-05-2022
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے،مکانات منہدم
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے،مکانات منہدم

 

 

اسلام آباد: بلوچستان (پاکستان)کے ضلع خضدار، لسبیلہ، واشک اور چاغی میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ خضدار میں درجنوں کچے مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق چاغی اور واشک میں صبح 5 بج کر 48 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت 5.1 ریکٹر سکیل اور گہرائی دس کلومیٹر تھی۔

زلزلے کا مرکز چاغی کے ضلعی ہیڈ کوارٹر دالبندین سے 56 کلومیٹر جنوب میں واقع تھا۔ مقامی لیویز کے مطابق واشک سٹی، تحصیل شاہیو گیڑی اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور گھروں سے باہر نکل آئے۔

اس کے بعد خضدار اورلسبیلہ میں بھی 11 بج کر 21 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت چاغی اور واشک میں آنے والے زلزلے سے زیادہ تھی جس کے باعث کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق زلزلے کی شدت 5.3 ریکٹر سکیل ریکارڈ کی گئی ہے اور اس کی زیرزمین گہرائی صرف آٹھ کلومیٹر تھی جبکہ مرکز خضدار سے 80 کلومیٹر دور جنوب میں تھا۔

خضدار کی تحصیل وڈھ کے اسسٹنٹ کمشنر محمد اقبال کھوسہ نے اردو نیوز کو ٹیلیفون پر بتایا کہ خضدار سے تقریباً 100 کلومیٹر دور سب تحصیل آڑینجی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے باعث کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں بھجوا دی ہیں تاہم اب تک کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ا ن کا کہنا تھا کہ علاقے میں کمیونیکشن کا نظام نہیں ہے اس لیے معلومات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ (ایجنسی)