دوارکا: جلتے فلیٹ سے بچوں سمیت باپ نے لگائی چھلانگ ، تینوں جاں بحق

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-06-2025
دوارکا:  جلتے فلیٹ سے  بچوں سمیت باپ نے لگائی چھلانگ ، تینوں جاں بحق
دوارکا: جلتے فلیٹ سے بچوں سمیت باپ نے لگائی چھلانگ ، تینوں جاں بحق

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کے دوارکا سیکٹر 13 میں واقع سَپتھ اپارٹمنٹ کی ساتویں منزل پر ایک فلیٹ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ آگ سے بچنے کے لیے چھٹی منزل سے چھلانگ لگانے کے سبب ایک ہی خاندان کے تین افراد—دو بچے اور ان کے والد—جاں بحق ہو گئے۔
ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ پوری عمارت آگ کی لپیٹ میں ہے اور کھڑکیوں سے بھڑکتے شعلے باہر نکل رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق، دو بچے (ایک لڑکا اور ایک لڑکی، جن کی عمر 10 سے 12 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے) خود کو بچانے کے لیے آٹھویں منزل کی بالکونی سے کود گئے۔ انہیں شدید زخمی حالت میں آکاش اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔ بعد ازاں ان کے والد، یش یادو (عمر 35 سال)، نے بھی اسی بالکونی سے چھلانگ لگا دی۔ انہیں آئی جی آئی اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یادو کی اہلیہ اور بھتیجی بھی زخمی ہیں اور انہیں آکاش اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یش یادو فلیکس بورڈ کے کاروبار سے وابستہ تھے۔ ان کا خاندان عمارت کی اوپری دو منزلوں پر بنے ڈوپلیکس میں رہائش پذیر تھا۔
حادثے کے مناظر میں دکھایا گیا کہ دوارکا کے سیکٹر 13 میں واقع سَپتھ سوسائٹی کی عمارت سے آگ کے شعلے اور گھنا دھواں اٹھ رہا تھا، جبکہ نیچے لوگ بالکونیوں میں کھڑے ہو کر مدد کے لیے چیخ رہے تھے۔ پولیس کے مطابق، آگ ایم آر وی اسکول کے قریب واقع ایک ہاؤسنگ اپارٹمنٹ کی آٹھویں اور نویں منزل پر لگی۔ دہلی فائر سروس کے مطابق، صبح 10 بج کر 1 منٹ پر آگ کی اطلاع دی گئی تھی۔
ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیاں روانہ کی گئیں، لیکن جب آگ کی شدت کا اندازہ ہوا تو مزید گاڑیاں طلب کر لی گئیں۔ آگ کی لپٹیں اتنی شدید تھیں کہ انہیں کافی دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔ ایک فائر آفیسر نے بتایا کہ اوپری منزلوں سے سیاہ دھواں نکل رہا تھا اور ساتویں منزل کے فلیٹ سے شعلے اٹھ رہے تھے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں راہگیروں کو اپنے موبائل فونز سے آگ کی ویڈیوز بناتے ہوئے دیکھا گیا۔
ایک پولیس افسر نے کہا کہ سوسائٹی کے تمام رہائشیوں کو باہر نکال لیا گیا ہے، اور بجلی و پی این جی (گیس) سمیت تمام ضروری سہولیات کو بند کر دیا گیا ہے۔ دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دہلی میونسپل کارپوریشن کو عمارت کی ساختی سلامتی کا جائزہ لینے کے لیے مطلع کر دیا گیا ہے۔
جو لوگ عمارت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے، وہ اندر پھنسے لوگوں کی سلامتی کے لیے دعائیں کرتے دکھائی دیے۔ چھٹی منزل پر موجود افراد کو کھڑکیاں توڑتے ہوئے دیکھا گیا۔ نچلی منزلوں پر رہنے والے جلدی باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے، لیکن اوپری منزلوں پر موجود لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ہم نے دیکھا کہ کچھ لوگ بالکونی پر چڑھ کر مدد کے اشارے کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ آگ بجھانے کا کام تاحال جاری ہے اور جائے وقوعہ پر درجن بھر سے زائد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موجود ہیں۔