یوپی : شدید سردی، 1 سے 12ویں جماعت تک کے تمام اسکول بند

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-12-2025
یوپی : شدید سردی، 1 سے  12ویں جماعت تک کے تمام اسکول بند
یوپی : شدید سردی، 1 سے 12ویں جماعت تک کے تمام اسکول بند

 



لکھنؤ/ آواز دی وائس
اتر پردیش میں مسلسل بڑھتی سردی اور شدید شیت لہر کے پیشِ نظر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کے تمام اسکولوں کو بارہویں جماعت تک آئندہ یکم جنوری تک بند رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ یہ حکم سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای اور یو پی بورڈ سمیت تمام تعلیمی بورڈز کے اسکولوں پر یکساں طور پر نافذ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ بچوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سرد موسم میں کسی بھی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ضلع مجسٹریٹوں کو سخت ہدایات
ریاستی حکومت کے مطابق وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ خود اضلاع میں جا کر حالات کا جائزہ لیں۔ اس کے ساتھ ہی تمام اضلاع میں درج ذیل اقدامات کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کو کہا گیا ہے
عوامی مقامات پر الاؤ جلانا
ضرورت مندوں میں کمبل تقسیم کرنا
رین بسیروں (نائٹ شیلٹرز) کا مناسب انتظام
حکومت پوری طرح حساس ہے: سی ایم یوگی
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ حکومت سردی کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے سے پوری طرح حساس ہے۔ کسی بھی غریب یا ضرورت مند شخص کو سردی سے پریشانی نہ ہو، اس کے لیے ریاستی حکومت پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ  کمبل کی تقسیم،  رین بسیروں کے مؤثر آپریشن، الاؤ جلانے،کے لیے تمام اضلاع کو پہلے ہی وافر فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔
گورکھپور میں رین بسیروں کا معائنہ
گورکھپور کے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے ٹی پی نگر پاس اور دھرمشالا بازار کے قریب واقع رین بسیروں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے وہاں ٹھہرے افراد سے بات چیت کر کے ان کے مسائل معلوم کیے۔
وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ رین بسیروں میں درج ذیل تمام بنیادی سہولیات لازمی طور پر فراہم کی جائیں
مناسب بستر
گرم کمبل
صفائی ستھرائی
کھانے اور پینے کے صاف پانی کی سہولت
ضرورت پڑنے پر چھٹیاں مزید بڑھ سکتی ہیں
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ شدید سردی کی صورت میں ضلع مجسٹریٹ اپنی سطح پر اسکول بند رکھنے یا چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ ساتھ ہی ضرورت کے مطابق آن لائن کلاسز کے انعقاد کی بھی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
شمالی ہندوستان سردی کی لہر 
محکمۂ موسمیات کے مطابق اتر پردیش سمیت پورا شمالی ہندوستان اس وقت شدید شیت لہر کی لپیٹ میں ہے۔ کئی اضلاع میں درجۂ حرارت معمول سے خاصا کم ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور گھنے کوہرے کے باعث حدِ نگاہ میں بھی کمی واقع ہو رہی ہے۔ ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے تمام اضلاع میں ہنگامی سردی سے بچاؤ کے انتظامات مزید تیز کر دیے ہیں۔