جموں
جموں کی مقامی انتظامیہ نے منشیات کے خلاف جاری کارروائی کے تحت ایک مبینہ منشیات اسمگلر کے مکان کو منہدم کر دیا۔ حکام نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔حکام کے مطابق بلڈوزر کی مدد سے شمس الدین عرف پپّی کے بیلی چرانا علاقے میں واقع مکان کو گرا دیا گیا، اور اس دوران بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات رہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی نائب گورنر منوج سنہا کی جانب سے 11 اپریل کو شروع کیے گئے 100 روزہ “نشہ مکت جموں و کشمیر مہم” کا حصہ ہے، جس کا مقصد منشیات کی اسمگلنگ پر قابو پانا اور اس میں ملوث افراد کے مالی نیٹ ورک کو تباہ کرنا ہے۔مقامی تحصیلدار نے صحافیوں کو بتایا: “شمس الدین کو مقامی لوگ پپّی کے نام سے جانتے ہیں۔ وہ اس وقت جیل میں بند ہے اور منشیات سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث تھا، اسی لیے جرم سے حاصل کی گئی اس کی جائیداد کو منہدم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شمس الدین سرحدی علاقے آر ایس پورہ کا رہائشی ہے اور اس نے بیلی چرانا میں یہ مکان تعمیر کیا تھا۔ حکام کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران جموں خطے میں 150 سے زائد منشیات اسمگلروں کی جائیدادیں یا تو ضبط کر لی گئی ہیں یا منہدم کر دی گئی ہیں۔
نائب گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز پولیس کو ہدایت دی تھی کہ ہر تھانے میں سرفہرست منشیات اسمگلروں کی فہرست تیار کی جائے اور 30 دن کے اندر ان کے گروہوں کے خلاف کارروائی کر کے انہیں ختم کیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ انتظامیہ اسمگلروں اور ان کے گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی، جس میں پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس، آدھار کارڈ اور اسلحہ لائسنس منسوخ کرنا بھی شامل ہے۔