ہندوستان میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں منشیات کے کیسز

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-07-2025
ہندوستان میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں منشیات کے کیسز
ہندوستان میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں منشیات کے کیسز

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ملک بھر میں منشیات سے متعلق معاملات ہر روز سامنے آ رہے ہیں۔ لوگ مختلف طریقوں سے نشہ آور اشیاء کا استعمال کر رہے ہیں۔ اترپردیش سے لے کر کیرالہ تک، ہر جگہ ایسے معاملات میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ کئی ریاستوں میں یہ کیسز دوگنے تک پہنچ چکے ہیں۔ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں حکومت نے معلومات پیش کی ہیں، جن میں ریاست وار اعداد و شمار شامل کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق 100 میں سے صرف 6 معاملات کا ہی نپٹارا ہو پایا ہے۔
حکومت کی جانب سے منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے مختص اور جاری کی گئی رقم کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ پارلیمنٹ میں این ڈی  پی ایس (نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹرپک سبسٹنسز) ایکٹ میں ترمیم کی منصوبہ بندی پر بھی گفتگو کی گئی، تاکہ ملک میں منشیات کی اسمگلنگ اور اس کے غلط استعمال پر لگام لگائی جا سکے۔
حکومت نے بتایا کہ گزشتہ 5 سالوں میں این ڈی پی ایس  ایکٹ کے تحت 14 نیند کی ادویات اور 29 اشیاء کو "مُخدر" یعنی ذہن پر اثر انداز ہونے والے مادوں کے طور پر نوٹیفائی کیا گیا ہے۔ 28 "پریکرسر کیمیکل" کو بھی این ڈی پی ایس ایکٹ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد نشہ آور اشیاء کی اسمگلنگ اور ان کے دائرہ کار کو محدود کرنا ہے۔
کیا ہیں ریاست وار اعداد و شمار؟
آندھرا پردیش میں سال 2020 میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 866 معاملات درج کیے گئے تھے، جن میں سے صرف 12 کا نپٹارا کیا جا سکا۔ وہیں یہی اعداد و شمار سال 2022 میں بڑھ کر 1391 ہو گئے، لیکن ان کے نپٹارے کی شرح میں کمی دیکھی گئی۔ کئی ریاستوں میں ان معاملات میں دوگنے سے بھی زیادہ کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اسمگلنگ روکنے کے لیے بڑھایا گیا بجٹ
ہندوستانی حکومت نے سال 2004 میں ایک اسکیم شروع کی تھی: "ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو منشیات پر قابو پانے میں مدد دینا"۔ یہ اسکیم ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے مالی امداد فراہم کرتی ہے، تاکہ ان کے نفاذ کی صلاحیتوں کو مضبوط کیا جا سکے۔ اس اسکیم کو وزارت داخلہ اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے نافذ کیا جاتا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں اس اسکیم کا بجٹ 50 کروڑ روپے تک بڑھا دیا گیا ہے تاکہ ملک میں منشیات کی اسمگلنگ پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔