تمل ناڈو : کان کنی کے مقامات کی نگرانی کے لیے ڈرون کا استعمال کیا جائے گا

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-06-2026
تمل ناڈو : کان کنی کے مقامات کی نگرانی کے لیے ڈرون کا استعمال کیا جائے گا
تمل ناڈو : کان کنی کے مقامات کی نگرانی کے لیے ڈرون کا استعمال کیا جائے گا

 



چنئی
تمل ناڈو کے محکمہ ارضیات و کان کنی نے ریاست بھر میں کان کنی کے مقامات کے معائنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرون استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ گزشتہ ہفتے حکام کی جانب سے کیے گئے زمینی معائنے کے بعد کیا گیا، جس کے دوران 155 کانوں میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیاں سامنے آئی تھیں۔
محکمہ کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان کے مطابق قدرتی وسائل کے وزیر ٹی کے پربھو نے گزشتہ ہفتے تینکاسی، کنیا کماری، ورودھونگر اور مدورئی اضلاع میں واقع کانوں کا اچانک معائنہ کیا تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ معائنے کے دوران جو کانیں ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چلائی جا رہی تھیں، انہیں فوری طور پر معطل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق مجموعی طور پر 431 کانوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 155 میں قواعد کی خلاف ورزی پائی گئی۔محکمہ نے غیر قانونی کان کنی اور معدنیات کی گاڑیوں کے ذریعے غیر مجاز نقل و حمل کو روکنے کے لیے عارضی طور پر معطل کی گئی کانوں کے خلاف مزید کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کان کنی کے محکمہ کے حکام نے بتایا کہ مستقبل میں لیز پر دیے گئے تمام علاقوں کا معائنہ جدید ڈرونز کے ذریعے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیز ہولڈرز کو معائنے سے قبل پیشگی اطلاع بھی دی جائے گی۔
حکام کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال سے نگرانی کا عمل زیادہ مؤثر، شفاف اور تیز ہو سکے گا، جبکہ غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔