ڈی آری ڈی او کی بڑی کامیابی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2025
ڈی آری ڈی او کی بڑی کامیابی
ڈی آری ڈی او کی بڑی کامیابی

 



نئی دہلی:ہندوستان اپنی فوجی ٹیکنالوجی کو مسلسل جدید اور خود کفیل بنانے کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ اسی عزم کے تحت DRDO نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ بھارتی فضائیہ کے Su-30MKI فائٹر جیٹ سے ایئر لانچڈ لانگ رینج گلائیڈ بم کا ٹیسٹ کامیاب رہا ہے۔

اس دیسی ہتھیار کو "گورو" نام دیا گیا ہے، جو دور سے ہی ہدف کو نہایت درستگی کے ساتھ تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ "گورو" وہ ہتھیار ہے جو طیارے کو خطرے میں ڈالے بغیر دشمن پر وار کر سکتا ہے۔ یہ فضا سے چھوڑے جانے کے بعد کافی دور تک گلائیڈ کرتا ہے اور بالکل اسی مقام پر جا کر حملہ کرتا ہے جہاں ہدف موجود ہو۔

زیادہ فاصلے سے حملہ کرنے کے باعث یہ دشمن کے ایئر ڈیفنس سسٹم کے لیے ایک چیلنج بنتا ہے۔ اس کا بھاری وزن اور زیادہ تباہ کن صلاحیت اسے بنکروں، مضبوط ٹھکانوں اور پہاڑی مقامات پر انتہائی مؤثر بناتی ہے۔ DRDO نے اس ہتھیار کو دو مختلف شکلوں میں تیار کیا ہے۔

پہلا ورژن Gaurav-PCB ہے، جو مضبوط ڈھانچوں اور زمینی بنکروں کو توڑنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ پہاڑی علاقوں میں آپریشن کی صورت میں خاص طور پر کارآمد ہو سکتا ہے۔ دوسرا ورژن Gaurav-PF ہے، جسے کھلے ٹھکانوں، فوجی تعیناتیوں یا اسٹریٹجک اہداف پر بیک وقت کئی مقامات پر نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

فضائیہ کا Su-30MKI پہلے ہی کئی جدید ہتھیاروں سے لیس ہے۔ اس کے ساتھ Rudram میزائل، SAAW ہتھیار نظام اور BrahMos-A پہلے سے جڑے ہوئے ہیں، اور اب “گورو” کے شامل ہونے سے یہ لڑاکا طیارہ دور سے زمینی حملے کرنے میں مزید طاقتور ہو گیا ہے۔ یہ مجموعہ فضائیہ کو جدید جنگ کے لیے وہ صلاحیت فراہم کرتا ہے جسے دنیا کی بڑی فوجیں بھی اہمیت دیتی ہیں۔

جنگی طیاروں کے انجن کے لیے غیر ملکی کمپنیوں پر انحصار بھارت کے لیے طویل عرصے سے ایک بڑی چیلنج رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ Tejas Mk2 اور AMCA جیسے دیسی فائٹر جیٹ پروجیکٹس میں تاخیر ہوئی۔

اب حکومت اور DRDO مل کر اپنے انجن اور ہتھیار سسٹمز کو ملک کے اندر ہی تیار کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ بم، میزائل، ریڈار، ایئر ڈیفنس سسٹم، الیکٹرانک وارفیئر ٹیکنالوجی ان تمام شعبوں میں تیز رفتاری سے ترقی ہو رہی ہے تاکہ آنے والے برسوں میں بھارت مکمل طور پر خود کفیل بن سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ “گورو” کا کامیاب تجربہ بھارت کی بدلتی ہوئی فوجی حکمتِ عملی کا اشارہ ہے۔ جدید جنگ میں وہی ملک طاقتور سمجھا جاتا ہے جو دور سے انتہائی درستگی کے ساتھ حملہ کر سکے۔ “گورو” کے آنے سے بھارت اس صلاحیت کو مزید مضبوط کر رہا ہے اور یہ مستقبل میں فضائیہ کی اسٹریٹجک طاقت بڑھانے کا سبب بنے گا۔