کالی کٹ (عبدالکریم امجدی )
روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں 3 ستمبر کو منعقد ہونے والی دوسری بین الاقوامی کانفرنس میں مرکز نالج سٹی کالی کٹ کیرالہ کے بانی ڈاکٹر محمد عبدالحکیم ازہری ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ کانفرنس کا انعقاد مسلم ریلیجیس بورڈ آف سینٹ پیٹرزبرگ اینڈ نارتھ ویسٹ آف رشیا کے زیرِ اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر ازہری ہندوستان کے گرانڈمفتی شیخ ابوبکر احمد کی نمائندگی کرتے ہوئے کانفرنس میں شرکت کریں گے’جدید دنیا میں مذہبی، روحانی اور اخلاقی اقدار کا تحفظ اور بین المذاہب مکالمے کا فروغ‘‘ کانفرنس کا مرکزی موضوع ہے۔ جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے علما، روحانی رہنما، محققین، سماجی کارکنان اور مختلف مذہبی برادریوں کے نمائندگان اس عالمی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
کانفرنس کے دوران ہندوستان کی کثیرالثقافتی اور کثیرالمذہبی روایت، باہمی ہم آہنگی، پُرامن بقائے باہمی اور روحانی و اخلاقی اقدار کے تحفظ کے حوالے سے ہندوستان کا نقطۂ نظر پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر ہندوستانی گرانڈ مفتی کے پرنسپل سکریٹری مولاناسی پی صادق نورانی بھی ڈاکٹر محمد عبدالحکیم ازہری کے ہمراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر مذہبی و ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور ہندوستان و روس کے مسلم علما اور مذہبی اداروں کے درمیان روابط و تبادلۂ خیال کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے علما و دانشوروں کے نمائندگان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ڈاکٹر محمد عبدالحکیم ازہری نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت ہندوستان اور روس کے درمیان مذہبی و ثقافتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے علما اور اداروں کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کے ذریعے عالمی سطح پر باہمی تعاون اور مشترکہ اقدامات کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔