ارشد مدنی کے مسلمانوں والے بیان کا مقصد انتشار پھیلانا ہے۔ ڈاکٹر الیاسی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2025
ارشد مدنی کے مسلمانوں والے بیان  کا مقصد  انتشار پھیلانا ہے۔ ڈاکٹر الیاسی
ارشد مدنی کے مسلمانوں والے بیان کا مقصد انتشار پھیلانا ہے۔ ڈاکٹر الیاسی

 



نئی دہلی: آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف امام، ڈاکٹر امام عمر احمد الیاسی نے جمعیت علمائے ہند کے مولانا ارشد مدنی کے اس بیان کی مذمت کی ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہو رہا ہے، جبکہ امریکہ میں زوہرن مامدانی جیسے مسلمان میئر منتخب ہو رہے ہیں۔

اے این آئی سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر الیاسی نے کہا کہ اس طرح کے بیانات ملک کا ماحول خراب کرنے، لوگوں میں ڈر پھیلانے اور انتشار پیدا کرنے کے لیے دیے جاتے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ مولانا مدنی نے دہشت گردوں کی حمایت جیسی بات کہہ کر ملک کے ماحول کو زہر آلود کرنے کی کوشش کی۔ الیاسی کے مطابق لال قلعہ دھماکہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی، جو ملک کا ماحول بگاڑنے کی سازش تھی۔

ڈاکٹر الیاسی نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ الفلاح یونیورسٹی کے تین نمایاں افراد گرفتار ہوئے ہیں، اور یہ سیدھا سیدھا قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔ ان کے مطابق، مولانا مدنی کو چاہیے تھا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف بیان دیتے، اور جمعیت علمائے ہند کو بھی اس پر آواز اٹھانی چاہیے تھی۔انہوں نے کہا کہ مولانا مدنی کو اپنے بیان کی وضاحت کے لیے دوبارہ پریس کانفرنس کرنی چاہیے اور عوام کو صحیح پیغام دینا چاہیے۔

مدنی کے اس الزام پر کہ مسلمانوں کو منظم طور پر پیچھے رکھا جا رہا ہے، ڈاکٹر الیاسی نے کہا کہ مودی حکومت کے آنے کے بعد سب سے زیادہ مسلمان سول سروس میں آئے ہیں اور سرکاری اسکیموں سے مسلمانوں نے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ہے، مگر مولانا مدنی نے کبھی اس کا اعتراف نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بڑا افسوسناک بیان ہے۔ انہیں چاہیے کہ دہشت گردی کے خلاف بولیں۔ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، مگر جو لوگ پکڑے جا رہے ہیں، وہ مسلمان ہیں۔ چونکہ یہ ایک مسلم یونیورسٹی کا معاملہ ہے، اس لیے انہیں اس کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے تاکہ ملک کا ماحول بہتر ہو اور ہمارا اتحاد مضبوط ہو۔"

پٹنہ میں جے ڈی(یو) کے سینئر رہنما نیرج کمار نے بھی کہا کہ بھارت کی جمہوریت محفوظ ہے اور آج مسلمان اعلیٰ سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔ انہوں نے بھی مدنی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا۔

مولانا ارشد مدنی نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف امتیاز بڑھ رہا ہے، اور مثال کے طور پر اعظم خان کی گرفتاری اور الفلاح یونیورسٹی کے حالات کو پیش کیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا بھر میں مسلمان کمزور نہیں ہوئے، کیونکہ نیویارک میں مامدانی اور لندن میں صادق خان جیسے لوگ میئر بن رہے ہیں، مگر بھارت میں مسلمان نہ وائس چانسلر بن سکتے ہیں نہ طاقتور عہدوں تک پہنچ سکتے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت مسلمانوں کو اوپر اٹھنے ہی نہیں دیتی۔

الفلاح یونیورسٹی کے چیئرمین جواد احمد صدیقی اس وقت انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی حراست میں ہیں، جو مبینہ منی لانڈرنگ اور مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار کیے گئے ہیں۔لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب کار بم دھماکے کے چار مرکزی ملزمان بھی الفلاح یونیورسٹی سے ہی وابستہ ڈاکٹر تھے، جن میں ڈاکٹر عمر نبی بھی شامل ہیں، جو حملے میں ملوث تھے