کیرالا کی ثقافتی روایات عالمی سطح پر ماحولیاتی بیداری کیلئے بہترین نمونہ
کالی کٹ (عبدالکریم امجدی )
ازبکستان حکومت کے شعبہ سینٹر فار اسلامک سولائزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ پہلی بین الاقوامی اسلامک سولائزیشن فورم میں کیرالہ مرکز نالج سٹی کے مینجنگ ڈائیریکٹر اور ڈاکٹر محمد عبدالحکیم ازہری نے شرکت کی ۔۷ سے ۱۱جولائی تک تاشقند، سمرقند اور ترمذ میں منعقد ہونے والے اس عالمی کانفرنس میں انہوں نے ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ازبکستان صدر کے سرکاری مہمان کی حیثیت سے شریک ہوئے۔جس میں دنیا بھر سے ۳۰۰ سے زائد علما، اسکالر،محققین اور ادبا نے اپنے قیمتی خیالات وآرا کو پیش کیا ۔
کانفرنس کا بنیادی مقصدعالمی قیامِ امن اور تعلیمی و علمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ازہری نےاسلامی ثقافت اور ماحولیاتی ذمہ داری، مالابار کے ساحل سے حاصل ہونے والے اسباق کے اہم موضوع پر کلیدی خطبہ پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں فطرت اور ماحولیات کے تحفظ سے متعلق اسلامی نقطۂ نظر کو ایک مذہبی ذمہ داری کے طور پر واضح کیا، اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح کیرلا کی ثقافتی روایات عالمی سطح پر ماحولیاتی بیداری کے لیے ایک بہترین نمونہ بن سکتی ہیں۔
اس دورے کے دوران ڈاکٹر ازہری نے ازبکستان کے گرانڈ مفتی شیخ نور الدین خالق نظر اور مصر کے گرانڈ مفتی ڈاکٹر نظیر محمد عیاد سے خصوصی ملاقاتیں بھی کیں۔ اس کے علاوہ وہ ترمذ شہر میں منعقد ہونے والی امام ترمذی کے علومِ حدیث سے متعلق ایک خصوصی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ڈاکٹر ازہری کا یہ دورۂ ازبکستان بین الاقوامی اسلامی فورمز پر ہندوستانی تعلیمی اداروں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو صدیوں پرانے علمی مراکز کے ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط کرتا ہے ۔