ڈاکٹرامبیڈکرکی برسی: ملک بھر میں خراج عقیدت کے پروگرام

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-12-2025
ڈاکٹرامبیڈکرکی برسی: ملک بھر میں خراج عقیدت کے پروگرام
ڈاکٹرامبیڈکرکی برسی: ملک بھر میں خراج عقیدت کے پروگرام

 



نئی دہلی:آج آئین ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی برسی پر انہیں ملک بھر میں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی سے لے کر یوگی آدتیہ ناتھ تک نے انہیں یاد کیا۔ آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این۔ چندر بابو نائیڈو نے ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج سماج کے غریب اور پسماندہ طبقات کو انصاف مل رہا ہے تو وہ امبیڈکر کی بدولت ہے، اور ان کی آواز پوری قوت کے ساتھ سنی جا رہی ہے۔ نائیڈو نے ‘ایکس’ پر پوسٹ میں لکھا: امبیڈکر کا دیا ہوا آئین ہی وہ وجہ ہے جس کے سبب غریب اور پسماندہ طبقات کو انصاف مل رہا ہے اور ان کی آواز مضبوطی سے سنائی دے رہی ہے۔

تلگو دیشم پارٹی کے سربراہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آزاد ہندوستان کے پہلے قانون وزیر کی خدمات کو یاد کریں جنہوں نے محروم طبقات میں سیاسی، سماجی اور تعلیمی بیداری پیدا کی۔ نائیڈو کے مطابق: امبیڈکر کو سب سے بامعنی خراج یہی ہے کہ ہم نہ صرف آئین میں دیے گئے حقوق کا استعمال کریں بلکہ اس کے طے کردہ فرائض کی بھی پابندی کریں۔ ڈاکٹر امبیڈکر کی پیدائش 14 اپریل 1891 کو مدھیہ پردیش کے مہو چھاؤنی میں ہوئی تھی۔ دریں اثنا اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

آدتیہ ناتھ نے امبیڈکر کو سماجی انصاف کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ: بابا صاحب کے خیالات، اصول اور ان کی سوچ ہندوستانی جمہوریت کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے ‘ایکس’ پر لکھا: سماجی انصاف کے علمبردار، آئین کے معمار، بھارت رتن بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مہاپرنیروان دیوس پر انہیں خراج عقیدت۔ ان کے خیالات، اصول اور دور اندیشی ہندوستانی جمہوریت کی بنیاد ہیں۔ آدتیہ ناتھ نے مزید کہا: سماج میں موجود عدم مساوات، ناانصافی اور بھید بھاؤ کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے جس برابری، آزادی اور اخوت پر مبنی سماج کا خواب بابا صاحب نے دیکھا تھا، وہ آج بھی ہمارے لیے رہنما ہے۔

جب کہ سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ’ایکس‘ پر لکھا: ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مہاپرنیروان دیوس پر خراج عقیدت؛ ان کی جدوجہد اور ان کا فکر ہمارے جمہوری اقدار کی بنیاد ہے۔ بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے دہلی میں اپنے رہائش گاہ پر بابا صاحب کی تصویر پر گلپوشی کر کے انہیں خراج پیش کیا۔ کانگریس کی یوپی اکائی نے بھی انہیں "سماجی انصاف کا عظیم ہیرو" قرار دیتے ہوئے ’ایکس‘ پر خراج عقیدت پیش کیا۔

نائب صدر سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر کی 69ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور مساوات و وقار کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد کو یاد کیا۔ نائب صدر نے کہا کہ امبیڈکر سماجی انصاف کے عظیم پیشوا تھے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا: مساوات، وقار اور اخوت کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد نے ایک جدید، ترقی پسند اور جامع ہندوستان کی بنیاد رکھی۔

ان کے دوراندیش خیالات ہمیں ایک منصفانہ اور ہم آہنگ سماج کی طرف رہنمائی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا: بابا صاحب کی لازوال وراثت آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ تحریک کا ذریعہ رہے گی۔ امبیڈکر آزاد ہندوستان کے پہلے قانون وزیر اور آئین کے بنیادی معماروں میں سے ایک تھے۔ ان کا انتقال 6 دسمبر 1956 کو ہوا تھا۔

ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی برسی پر ہزاروں لوگ ممبئی کے دادر علاقے میں واقع ان کے یادگار چیتنیہ بھومی میں جمع ہوئے۔ امبیڈکر کی برسی مہا پرنیروان دیوس کے طور پر منائی جاتی ہے۔ مہاراشٹر کے گورنر آچاریہ دیوورَت، وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس، شیو سینا (یوبٹھا) کے رہنما ادھو ٹھاکرے سمیت متعدد رہنماؤں نے چیتنیہ بھومی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

گورنر نے کہا: امبیڈکر نے ملک کو آئین دیا جس نے تمام شہریوں کے لیے یکساں حقوق کی ضمانت دی۔ ہر سال 6 دسمبر کو ہونے والے اس سرکاری پروگرام میں لاکھوں لوگ جمع ہوتے ہیں۔ بڑی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے بی ایم سی نے شیو جی پارک میں خصوصی انتظامات کیے تھے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے بھی امبیڈکر کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا: "مہاپرنیروان دیوس پر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو یاد کرتا ہوں۔ انصاف، مساوات اور آئینی اقدار کے لیے ان کی دوراندیش قیادت اور غیر متزلزل وابستگی قوم کی رہنمائی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈکر نے نسلوں کو انسانی وقار برقرار رکھنے اور جمہوری اقدار کو مضبوط بنانے کی ترغیب دی۔ مودی نے مزید کہا: وِکست بھارت کے قیام کے لیے کام کرتے ہوئے ان کے اصول ہمارا رہنما ہیں۔